چینئی میں ایر سو کے دوران بھگدڑ 4 ہلاک 230 سے زائد زخمی
نئی دہلی۔ تمل ناڈو کی دارالحکومت چنئی کے مرینا بیچ پر منعقد ہونے والے انڈین ایئر فورس کے ایئر شو میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا۔ اس بڑے ایئر شو کو دیکھنے کے لیے بھاری تعداد میں لوگ جمع ہوئے تھے، لیکن اس دوران بھگدڑ مچ گئی، جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک اور 230 سے زائد زخمی ہو گئے۔
زخمیوں کو تین مختلف ہاسپٹلس منتقل کر کے علاج کیا جا رہا ہے۔ مرنے والوں کی شناخت سرینواسن (48)، کارتکیئن (34)، جان بابو (56)، اور دنیش کے طور پر کی گئی ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ایئر شو کا انعقاد انڈین ایئر فورس کے 92ویں سالگرہ کے موقع پر کیا گیا تھا۔ تقریباً 13 لاکھ سے زیادہ لوگ ریل، میٹرو، کاروں اور بسوں کے ذریعے مرینا بیچ پر پہنچے، اور بھاری تعداد میں لوگوں کی آمد کے باعث اسے لیمکا بک آف ریکارڈز میں بھی شامل کیا گیا۔
ایئر شو کے اختتام کے بعد جب لوگ واپس جا رہے تھے تو صورتحال بے قابو ہو گئی۔ بھیڑ اور گھٹن کی وجہ سے کئی لوگ بے ہوش ہو گئے اور بھگدڑ مچ گئی۔ بھگدڑ کے نتیجے میں کچھ لوگ جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ کئی زخمی ہو گئے۔ بڑی تعداد میں لوگوں کی آمد کے باعث ٹریفک حکام بھیڑ کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہے۔
مرینا بیچ کے اہم حصے میں موجود لوگ مدراس یونیورسٹی کے کیمپس کی طرف چلے گئے، جس سے کچھ حد تک رش کم ہوا۔ حکام نے پہلے ہی اندازہ لگایا تھا کہ ایئر شو کے لیے تقریباً 10 لاکھ لوگ مرینا بیچ آئیں گے اور اسی حساب سے انتظامات کیے گئے تھے۔ صبح 7 بجے سے لوگ بیچ پر آنا شروع ہو گئے تھے اور یہ سلسلہ دوپہر 1 بجے تک جاری رہا۔ ایک افسر نے بتایا کہ پروگرام کے اختتام پر سب کے ایک ساتھ نکلنے کی وجہ سے بھگدڑ مچ گئی۔
یہ ایئر شو چنئی میں تقریباً 21 سال کے بعد منعقد کیا گیا تھا۔ ایئر فورس اور تمل ناڈو کے حکام نے اس پروگرام کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی تھی، جس کی وجہ سے لوگوں کی بھاری تعداد وہاں پہنچی، لیکن مناسب انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بہت سے لوگ ڈی ہائیڈریشن کا شکار ہو گئے اور پینے کا پانی بھی دستیاب نہیں تھا۔ چنئی میں دن کے وقت درجہ حرارت تقریباً 36 ڈگری سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا تھا، جس کی وجہ سے گرمی کی شدت بھی محسوس کی گئی۔
میٹرو اسٹیشنز پر بھی رش دیکھنے کو ملا۔ گورنمنٹ اسٹیٹ میٹرو اسٹیشن، چنتا دری پیٹ ایم آر ٹی ایس اسٹیشن اور دیگر ریلوے اسٹیشنز پر ہجوم کے باعث لوگ شدید مشکلات کا شکار ہوئے۔