پرواسی پریچئے” اختتامی تقریب و جشن دیپاولی۔ مرکزی وزیر پیوش گوئل کی شرکت

ریاض ۔ کے این واصف
“آپ اپنی سماجی و ثقافتی قدروں کے امین و محافظ ہیں”۔ این آر آئیز کو مخاطب کرتے ہوئے یہ بات مرکزی وزیر برائے صنعت و تجارت پیوش گوئلُ نے کہی۔ طالبات کے پیش کردہ رقص و ڈرامہ سے متاثر گوئل نے مزید کہا کہ میں تمام فنکاروں کے علاوہ ان کے والدین کو مبارکباد دیتا ہوں جنہوں نے کلاسیکل ڈانس کے ہمارے صدیوں پرانے کلچر کو نئی نسل میں منتقل کرنے کی کامیاب کوشش کی۔ آپ لوگ حقیقی معنی میں ملک کے سفیر ہیں۔ پیوش گوئل سفارت خانہ ہند میں منعقد پرواسی پریچئے اور جشن دیپاولی سے مخاطب تھے۔
واضح رہے کہ 22 اکتوبر 2024 سے سفارت خانے ہند میں سالانہ پرواسی پریچئے کا جشن جاری تھا۔ پیوش گوئل نے آڈیٹوریم میں موجود ہندوستانی مرد و خواتین سے مزید کہا کہ آپ لوگ نہ صرف بسلسلہ روزگار یہاں ہیں بلکہ اپنی خوش اخلاقی اور دیانتداری سے کام کرکے دیار غیر میں اپنے وطن کی شبیہ کو بہتر کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ میں جب بھی یہاں سعودی وزراء اور اعلیٰ عہدیداران سے ملتاہوں تو وہ یہاں برسرے روزگار ہندوستانیوں کی بہترین الفاظ میں ستائش کرتے ہیں۔ نیز آپ اپنی کمائی سے جو رقم وطن بھیجتے ہیں وہ زرمبادلہ کی شکل میں ملک کے لئے ایک بڑا اساسہ ہے۔ یہ بھی غیر مقیم ہندوستانیوں کی ملک کے لئے ایک بڑی خدمت ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ہندوستانی دنیا کے ہر ملک میں قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔ گوئل نے مشورہ دیا کہ این آر آئیز جب بھی چھٹی پر وطن جائیں تو ملک کے کسی شہر کا ٹور کریں تاکہ کے ملک کی سیاحت کو فروذغ ملے۔
پیوش گوئل نے یہ بھی کہا ہندوستان آج دنیا کی پانچویں بڑی معیشت ہے جو 2027 میں دنیا کی تیسری بڑی معیشت ہوجائے گی۔ فرسٹ سکریٹری و ناظم تقریب دنیش سیتھیا کے ابتدائی کلمات کے بعد سفیر ہند ڈاکٹر سہیل اعجاز خاں نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ “پرواسی پریچئے” پروگرام ایمبیسی نے پچھلے سال شروع کیا تھا۔ اس کو بہت زیادہ مقبولیت حاصل ہوئی اور اس کی گونج ہندوستان تک پہنچی۔ وزیر آعظم نریندر مودی نے تک اس پروگرام کا ذکر “من کی بات” میں کیا۔ انھوں نے کہا کہ اس پروگرام سے تارکین وطن کو اپنی صلاحیتوں کے مظاہرے کا موقع میسر آیا اور وطن سے دور اپنی ثقافت اور روایات کےاعادے کا موقع ملا۔ ابتداء مین وزیر موصوف نے رویتی
شمع روشن کرکے تقریب کا افتتاح کیا اور آل انڈیا اسٹیرنگ کمیٹی کے اراکین نے پیوش گوئل کو تہنیت پیش کی۔ دنیش سیتھیا کے ہدیہ تشکر پر تقریب کا اختتام عمل مین آیا۔