چیف منسٹر ریونت ریڈی کے ہاتھوں سینئر جرنلسٹ نظام آباد احمد علی خان کو باوقار کارنامہ حیات ایوارڈ عطاکیا گیا

نظام آباد12/نومبر( اردو لیکس ) نظام آباد کے سینئر جرنلسٹ آفتاب صحافت و فخر صحافت ایوارڈز یافتہ مسٹر احمد علی خان کو امام الہند مجاہد آزادی ملک کے پہلے مرکزی وزیر تعلیم مولانا ابوالکلام آزاد کی (133) ویں یوم پیدائش و یوم قومی تعلیم و یوم اقلیتی بہبود کے موقع پر تلنگانہ ریاستی اُردو اکیڈمی اور محکمہ اقلیتی بہبود کے زیر اہتمام رویندرا بھارتی آڈیٹوریم حیدرآباد میں عظیم الشان پیمانے پر منعقدہ تقریب میں سینئرجرنلسٹ احمد علی خان کو اُردو زبان و ادب کے زمرہ صحافت میں ان کی (33) سالہ گراں قدر خدمات کے اعتراف میں تلنگانہ اُردو اکیڈمی کا باوقار محبوب حسین جگر ”کارنامہ حیات ایوارڈ“ برائے سال 2021ء چیف منسٹر اے ریونت ریڈی اور تلنگانہ اُردو اکیڈمی چیرمین طاہر بن حمدان کے ہاتھوں عطا کیا گیا۔
اس موقع پر حکومتی مشیر محمد علی شبیر، ریاستی وزیر پونم پربھاکر، انیل کمار یادو ایم پی، وقف بورڈ چیرمین عظمت اللہ حسینی، اقلیتی کمیشن چیرمین طارق انصاری، ریاستی حج کمیٹی چیرمین خسرو پاشاہ افضل بیابانی، چیرمین تلنگانہ میناریٹی فینانس محمد عبید اللہ کوتوال، چیرمین میناریٹی ریسیڈنشیل ایجوکیشنل سوسائٹی فہیم الدین قریشی، تفسیر اقبال آئی پی ایس، مسز شیخ یاسمین باشاہ آئی اے ایس، شہنواز احمد خان شیراز انجنئیر ، شعیب احمد خان شیزان انجینئر کے علاوہ دیگر اہم شخصیات موجود تھے نظام آباد ضلع اسٹاف رپورٹر روزنامہ رہنمائے دکن حیدرآباد احمد علی خان کو عظیم الشان کارنامہ حیات ایوارڈ بذات خود چیف منسٹر ریونت ریڈی کے ہاتھوں دئیے جانے پر وقف بورڈ چیرمین عظمت اللہ حسینی،اقلیتی کمیشن چیرمین طارق انصاری، سینئر جرنلسٹ شہاب الدین ہاشمی، فاضل حسین پرویز ایڈیٹر گواہ، اگریکلچر ایکسٹنشن آفیسر محمد قمر، محمد امیر احمد ریاستی وقف بورڈ، کانگریس قائدین محمد صابر علی، محمد آعظم، عبدالرحیم غوث، مسعود احمد اعجاز، محمد احمد، اسد حمدان، عبود حمدان، عزیز انصاری، عبدالرحیم چھوٹو اور دوسروں نے بھی بغلگیر ہوکر دلی مبارکباد دی اور اس ایوارڈ کیلئے حقدار اور مستحق قرار دیا۔
بعد ازاں مسٹر احمد علی خان نے اپنے دفتر روزنامہ رہنمائے دکن آصف نگر حیدرآباد پہنچ کر چیف ایڈیٹر عمر دراز خان، اسوسی ایٹ ایڈیٹر ڈاکٹر محمد فہیم الدین، منیجر ایم اے ماجد، سب ایڈیٹرس محمد مجیب و اسٹاف سے ملاقات کی جہاں پر احمد علی خان کو باوقار کارنامہ حیات ایوارڈ ملنے پر خوشی و مسرت کا اظہار کرتے ہوئے مبارکباد دی۔ یہاں یہ ذکر ضروری ہوگا کہ نظام آباد پھولانگ کے ممتاز و مشہور ومعروف شخصیت جناب عبدالنبی خان صاحب مرحوم کے فرزند امجد خان مرحوم پھولانگ نظام آباد کے حقیقی بھائی سینئر جرنلسٹ احمد علی خان پیشہ صحافت سے سال 1991ء وابستہ ہوئے۔ روزنامہ رہبر نظام آباد، سنٹرل نیوز ایجنسی (سی این آئی)حیدرآباد، الکٹرانک میڈیا سی نیو ز چینل، ڈجیٹل نیوز چیانل، سی وی آر نیوز چیانل، فری لانس جرنلسٹ کے علاوہ روزنامہ رہنمائے دکن حیدرآباد سے وابستہ ہوکر خدمات انجام دیتے چلے آرہے ہیں۔
اس طرح گذشتہ (33) سالوں کے دوران کئی تنظیموں کی جانب سے انھیں ایوارڈز بھی عطا کئے گئے۔ سینئر جرنلسٹ احمد علی خان نظام آباد ضلع کی تاریخ میں واحد اُردو جرنلسٹ ہیں جو APUWJاور TUWJریاستی جرنلسٹ یونین کی ایگزیکٹیو کمیٹی میں دو مرتبہ ایگزیکٹیو کمیٹی ممبر منتخب کئے گئے۔