جرائم و حادثات

حیدرآباد میں درندگی کی حدیں پار: کار ڈرائیور نے جھگڑے کے بعد شیخ جیلانی کو بونٹ پر گھسیٹتے ہوئے دو کلومیٹر تک دوڑایا، دل دہلا دینے والا منظر کیمرے میں قید

حیدرآباد میں ایک اور ہٹ اینڈ رن کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک ٹیکسی ڈرائیور نے نہ صرف گاڑی سے ایک شخص کو ٹکر ماری بلکہ جھگڑے کے دوران مبینہ طور پر جنون میں آکر اسے گاڑی کے بونٹ پر لٹکا کر تقریباً دو کلومیٹر تک گھسیٹتا رہا۔

 

یہ واقعہ میرپیٹ پولیس اسٹیشن کے حدود میں پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق شیخ جیلانی اور ان کے بیٹے فیصل موٹر سائیکل پر گایتری نگر سے ایل بی نگر جا رہے تھے کہ ایک کار نے انہیں پیچھے سے ٹکر مار دی۔ اس کے بعد دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جو جھگڑے میں تبدیل ہو گئی۔

 

بتایا جاتا ہے کہ کار میں موجود شخص نے مشتعل ہو کر حملہ کیا۔ جب ڈرائیور فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا تو جیلانی نے گاڑی روکنے کی کوشش کی، لیکن وہ بونٹ پر لٹک گئے۔ اس کے باوجود ڈرائیور نے گاڑی نہیں روکی اور انہیں تقریباً دو کلومیٹر تک گھسیٹتا رہا۔

 

راہگیروں کی جانب سے اس واقعہ کی ویڈیو بنائی گئی جس سے یہ دل دہلا دینے والا منظر سامنے آیا۔ گاڑی بالآخر بالاپور کراس روڈز تک پہنچی اور پھر واپس مڑتے ہوئے منڈا ملّماں جنکشن کے قریب مقامی افراد نے اسے روک کر ڈرائیور کو پکڑ لیا۔

 

حادثے میں فیصل جیلانی کی دونوں ٹانگیں ٹوٹ گئیں اور انہیں ایک خانگی ہاسپٹل  میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button