پٹاخے تیار کرنے والی فیکٹری میں زور دار دھماکہ ؛16 افراد ہلاک 6دہگر زخمی – تاملناڈو کے ضلع ویرودھنگر میں حادثہ

تامل ناڈو کے ضلع ویرودھنگر کے قریب کٹانارپٹی میں واقع ایک پٹاخہ فیکٹری میں زوردار دھماکے کے نتیجہ میں کم از کم 16 افراد ہلاک اور 6 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں، حکام نے اتوار کے روز تصدیق کی۔
فائر اینڈ ریسکیو ڈیپارٹمنٹ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ اب تک جائے وقوعہ سے 8 نعشیں برآمد کی جا چکی ہیں، جبکہ ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
حادثے کے بعد کی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مقامی افراد بڑی تعداد میں جائے وقوعہ کے قریب جمع ہیں، جبکہ فائر بریگیڈ کے اہلکار ملبہ ہٹانے اور سرچ آپریشن میں مصروف ہیں۔
تمل ناڈو کے چیف منسٹر ایم کے اسٹالن نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ضلع کلکٹر کو ہدایت دی ہے کہ وہ فوری طور پر تمام ضروری امدادی کارروائیوں کو مربوط کریں۔ انہوں نے کہا کہ ویرودھنگر ضلع کے کٹاناپٹی میں پٹاخہ فیکٹری دھماکے میں متعدد افراد کی ہلاکت کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔ متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی ہے۔ انہوں نے وزیرین کے کے ایس ایس آر رام چندرن اور ٹھنگم تھیناراسو کو فوری طور پر جائے وقوعہ پہنچنے اور ریسکیو و ریلیف کاموں کی نگرانی کی ہدایت بھی دی۔
وزیر اعظم نریندر مودی اور صدر دروپدی مرمو نے اس حادثے کو “انتہائی افسوسناک” قرار دیتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی ہے۔
ویرودھنگر ضلع، جو پٹاخوں کی صنعت کا بڑا مرکز سمجھا جاتا ہے، گزشتہ چند برسوں میں اس نوعیت کے متعدد حادثات کا مشاہدہ کر چکا ہے۔ اس سے قبل 13 اپریل کو بھی ستور کے قریب مداتھوپٹی میں واقع ایک پٹاخہ فیکٹری میں بڑا دھماکہ ہوا تھا۔



