تلنگانہ کے کریم نگر میں انسانیت کا دل چھو لینے والا منظر — دھوپ میں تڑپتی بکری کو دیکھ کر کمسن طالب علم کی حساسیت نے دل جیت لئے
تلنگانہ کے کریم نگر شہر کے ویمنس کالج کے قریب چلچلاتی دھوپ میں ایک ایسا دلگداز منظر سامنے آیا جس نے دیکھنے والوں کی آنکھیں نم کر دیں۔ سڑک پر ایک کمسن طالب علم نے ایک بکری کو بےچینی سے ادھر ادھر بھٹکتے دیکھا تو وہ فوراً رک گیا۔
بچے کے معصوم ذہن میں خیال آیا کہ شاید یہ بکری پیاس سے تڑپ رہی ہے۔ انسانیت کے جذبے سے سرشار ہو کر اس نے قریب سے ایک گلاس پانی لیا اور نہایت محبت و ہمدردی کے ساتھ بکری کو پلایا۔ اس چھوٹے سے عمل نے ایک بڑی مثال قائم کر دی۔
یہ سارا منظر وہاں موجود ایک شخص نے اپنے موبائل فون میں ریکارڈ کر لیا، جو بعد ازاں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔ ویڈیو نے ہر دیکھنے والے کے دل کو چھو لیا اور بچے کی حساسیت کو خوب سراہا جا رہا ہے۔
اس واقعے نے ایک بار پھر یہ پیغام دیا ہے کہ اولاد کے لیے سہولتِ زندگی سے زیادہ ان کی تربیت کی فکر کرنا ضروری ہے۔ والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کی بہتر پرورش اور اخلاقی تربیت پر خصوصی توجہ دیں، کیونکہ اچھی تربیت ہی ایک باشعور، ہمدرد اور ذمہ دار معاشرے کی بنیاد ہے۔



