اسپشل اسٹوری

خیرالخلق میوزیم میں پیغمبرِ اسلام کی جائے پیدائش، مکی اور مدنی زندگی کی جدید انداز میں منظر کشی۔ زائرین استفادہ کریں 

ریاض ۔ کے این واصف

مدینہ منورہ کا “خیرالخلق میوزیم” سات انٹرایکٹیو سٹیشنوں کے ذریعے زائرین کو عہدِ حاضر کے جدید اُسلوب میں سیرت النبی پر ایک تاریخی اور جدت پسند مگر مربوط تجربے سے گزرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

 

سعودی پریس ایجنسی “ایس پی اے” کے مطابق ایک سفر کی صورت میں اِس تجربے کا آغاز میوزیم کے استقبالیے سے ہوتا ہے۔ بعد ازاں یہ سفر مختلف اسٹیشنوں پر سے گزرتے ہوئے جاری رہتا ہے جس میں پیغمبرِ اسلام کی حیاتِ طیبہ کے اہم مراحل کے بارے میں حاضرین اور زائرین کو تفصیل کے ساتھ آگاہ کیا جاتا ہے۔

 

اِسی سفر میں زائرین کو حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی پیدائش کے مقام “ولد الھدی” کو دیکھنے کا روح پرور تجربہ بھی حاصل ہوتا ہے۔ یہیں پر رسولِ اکرم کی مکی زندگی کے بارے میں معلومات فراہم کی جاتی ہیں جہاں نزولِ وحی سے قبل آپ کا قیام تھا۔

 

خیرالخلق میوزیم کے اِس سفر میں آگے چل کر اعلانِ بعثت، ہجرت، پیمبرِ اکرم کی مدینہ میں تشریف آوری، مدنی زندگی اور رسول اللہ کی رحلت کے بارے میں بھی تفصیل سے بتایا جاتا ہے۔

 

خیر الخلق میوزیم، چھ دیگر بیش قیمت تجربات بھی پیش کرتا ہے جن میں غارِ حرا اور غارِ ثور کے بڑے بڑے سائز کے ماڈل شامل ہیں۔اس کے علاوہ ام معبد، مسجدِ نبوی، منبرِ رسول اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے حجرے کی منظر کشی بھی زائرین کے لیے روح کی بالیدگی کا ایک گراں قدر تجربہ ثابت ہو رہی ہے۔ میوزیم میں کئی زبانوں پر مشتمل رہنمائی کا ایک نظام بھی کام کرتاہے۔

 

یہ میوزیم، مسجدِ نبوی کے جنوب میں واقع مرکزی مقام پر الصافیہ میوزیم اور پارک کے قریب واقع ہے جس کی وجہ سے “خیر الخلق” میوزیم مدینہ منورہ میں آنے والوں کے لیے اہم ترین منزل کی حیثیت اختیار کر لیتا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button