عازمین حج ایمرجنسی کے وقت ایمبولنس سروس کے لیے “اسعفنی ایپ” متعارف

ریاض ۔ کے این واصف
مملکت میں صحت کے حوالے سے وزارتِ صحت کی خدمات خصوصاً حج سیزن میں ہمیشہ سے مثالی رہی ہیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہلال احمر کی فرسٹ ایڈ سب کے لیے میسر ہوتی ہے۔
سعودی وزارتِ صحت کی کوشش ہوتی ہے کہ سعودی شہریوں، زائرین اور غیر ملکیوں کو ضرورت پڑنے پربلا تفریق و تاخیر ایمرجنسی طبی خدمات فراہم کی جائیں۔وزارت صحت کے زیرِ انتظام سعودی ہلال الاحمر نے “اسعفنی” کے عنوان سے خصوصی طور پر ایک ایپلی کیشن لانچ کی ہے جو اسمارٹ فونز پر دستیاب ہے۔
اسعفنی ایپ کو گوگل پلے یا ایپ اسٹور کے ذریعے بآسانی انسٹال کیا جا سکتا ہے۔ لفظ “اسعفنی” اسعاف سے نکلا ہے جس کے معنی مدد کرنے کے ہیں۔ لفظ اسعاف، عام طورپر عربی میں طبی امداد کے معنوں میں مستعمل ہے جسے ایمبولینس کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
اسعفنی ایپلی کیشن کو انسٹال کرنے کے بعد اس میں اپنے ’نفاذ‘ اکاؤنٹ کے ذریعے لاگ ان کیا جاتا ہے۔ نفاذ ایپلی کیشن میں موجود صارف کا ڈیٹا اسعفنی سے لنک ہو جاتا ہے۔“اسعفنی ایپ” عربی، اردو اور انگلش سمیت متعدد زبانوں کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ صارف بآسانی اپنی مطلوبہ زبان کا انتخاب کر سکتے ہیں۔
اس ایپ کو اسمارٹ فون استعمال کرنے والے عازمین اور خصوصاً ان کے گروپ لیڈرز کو ضرور ڈاؤنلوڈ کرلینا چاہئیے۔



