مملکت میں عازمین کی آمد سلسلہ جاری – مہمانان رب العزت کی سہولت کے لیے وزارتِ داخلہ کی ہدایات

کے این واصف
سال رواں کے حج کے لیے اقطاعِ عالم سے عازمین کی آمد کا مملکت پہنچنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلہ میں سعودی وزارتِ داخلہ نے حج 2026 کے حوالے سے عازمین کی سہولت اور رہنمائی کے لیے اہم نکات پر مبنی گائیڈ جاری کی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی “ایس پی اے” کے مطابق وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ مہمانان رب العزت کے آرام و تحفظ کے لیے جاری کردہ اہم ہدایات کا مقصد ان کے سفرِ حج کو آسان اور جامع بنانا ہے تاکہ وہ ضوابط کے مطابق آرام وسکون سے فریضہ ادا کریں۔
وزارت کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات میں حرم مکی کے مختلف مقامات کی وضاحت کی گئی ہے، مسجد الحرام میں کن راستوں سے داخل ہوں، ان ٹریکس کے بارے میں بھی وضاحت کی گئی ہے جن سے ہوتے ہوئے طواف کعبہ اور سعی کے لیے باسانی پہنچا جاسکتا ہے۔ عازمین ان رہنماینہ بورڈز کو غور سے پڑھیں جو مختلف زبانون میں آویزاں کئے گئے ہیں۔
رہنما ہدایات میں مسجد الحرام کے صحنوں اور برآمدوں میں ازدحام کے اوقات کے حوالے سے بھی نشاندہی کرتے ہوئے ازدحام کے وقت سعی (صفا و مروہ) کے لیے متبادل مقامات کی رہنمائی کی گئی ہے۔
مسجد الحرام کے بیرونی صحنوں کی راہداریوں کا بھی نقشوں اور تصاویر کے ذریعے تعین کرتے ہوئے عازمین کو ہدایات کی گئی ہے کہ مسجد الحرام کے اندر داخل ہونے کے لیے راہداریوں کا انتخاب کریں اور راستوں میں بیٹھنے سے گریز کریں کیونکہ راستے میں بیٹھنے سے ازدحام ہوتا ہے جس سے دیگر عازمین کو دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
رہنما ہدایات میں عازمین کو کہا گیا ہے کہ مسجد الحرام میں ازدحام کے اوقات میں بالائی منزلوں کا انتخاب کریں تاکہ آرام وسکون سے مناسک کی ادائیگی کرسکیں۔زمینی صحن مطاف جو کہ کعبہ شریف سے متصل ہوتا ہے وہ صرف احرام میں ملبوس حضرات کے لیے ہی مخصوص ہے۔ وہ زائرین جو صرف طواف کرنا چاہتے ہوں ان کے لیے بالائی منزلیں مختص ہیں، اس لیے زائرین انتظامیہ سے تعاون کریں اور صرف طواف کرنے والے زمینی صحن میں نہ جائیں۔
ہدایات میں مزید کہا گیا ہے کہ مسجد الحرام میں ویل چیئر اور الیکٹریکل چیئرز کے لیے مخصوص راستے موجود ہیں جن پر ویل چیئرز کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ سعی کا مقام صرف سعی (راہداری) کرنے والوں کے لیے ہی مخصوص ہے یہاں بیٹھنے سے گریز کریں۔عازمین حج کی جسمانی سلامتی کے حوالے سے ہدایات کی گئی ہے کہ وہ مسجد الحرام میں آتے وقت ماسک کا استعمال کریں۔
وزارت کی جانب سے حج ضوابط پر سختی سے عمل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پرمٹ کے بغیر مکہ مکرمہ یا مشاعر مقدسہ میں جانے قانون شکنی ہے جس پر سخت سزائیں مقرر ہیں۔



