نلگنڈہ پرنسپل قتل واقعہ، پیسوں کیلئے طلباء نے ہی لی جان۔نوٹوں پر خون کے دھبوں نے کھولی پول

حیدرآباد: ریاست میں سنسنی پیدا کرنے والے نلگنڈہ ضلع کے کونڈاملی پلی منڈل مرکز میں واقع ناگارجن پبلک اسکول کی پرنسپل کے روپا ریڈی کے قتل کے معاملے میں حیران کن حقائق سامنے آئے ہیں۔
پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق روپا ریڈی کے اسکول میں دسویں جماعت میں پڑھنے والے دو طالب علموں نے ہی انہیں قتل کیا۔ پولیس کو معلوم ہوا ہے کہ دونوں نے پیسوں کے لیے یہ قتل کیا۔ فی الحال دونوں کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
11 اگست کو کونڈاملی پلی منڈل کے الگ الگ تانڈوں سے تعلق رکھنے والے دونوں طالب علم ماسک اور ہوڈی پہن کر روپا ریڈی کے گھر پہنچے۔ ان میں سے ایک طالب علم گھر کے اندر گیا اور پیسے دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہیں دھمکایا لیکن روپا ریڈی نے مزاحمت کی۔
اسی دوران طالب علم کا ماسک اتر گیا اور روپا ریڈی نے اسے پہچان کر شور مچایا۔ اپنی شناخت ظاہر ہونے کے خوف سے طالب علم نے اپنے ساتھ لائی ہوئی چاقو سے روپا ریڈی پر حملہ کرکے انہیں قتل کر دیا۔اس کے بعد وہ گھر میں موجود 2 لاکھ 20 ہزار روپے لے گیا اور باہر موجود دوسرے طالب علم کو 40 ہزار روپے دے دیے۔
پولیس کی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ دونوں طالب علم چوری کی وارداتیں کرتے تھے اور عیاشی کے عادی ہو چکے تھے۔ پوچھ گچھ کے دوران پولیس نے ایک طالب علم کے پاس سے 1 لاکھ 60 ہزار روپے نقد برآمد کیے۔ پولیس نے رقم پر خون کے دھبے بھی دیکھے
جب ان دھبوں کے بارے میں پوچھا گیا تو دونوں طالب علموں نے آخرکار سچائی کا اعتراف کر لیا۔



