واٹس ایپ اسٹیٹس پر عیدالضحی کی قربانی کی تصویر — فتح پور میں دو نوجوان گرفتار
فتح پور – اترپردیش کے فتح پور ضلع میں واٹس ایپ اسٹیٹس پر قربانی سے متعلق متنازعہ تصویر پوسٹ کرنے کے الزام میں دو نوجوان گرفتار کر لیے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق یہ کارروائی لالولی پولیس اسٹیشن میں درج مقدمہ کے تحت کی گئی، جو ایک شہری کی جانب سے دی گئی شکایت پر درج ہوا تھا۔ شکایت میں کہا گیا کہ ملزم نے واٹس ایپ اسٹیٹس پر عیدالاضحیٰ کی قربانی سے متعلق ایک متنازعہ تصویر/پوسٹ شیئر کی، جسے مذہبی جذبات مجروح کرنے کے مترادف قرار دیا گیا۔
یہ واقعہ 18 مئی کو پیش آیا جبکہ 19 مئی کو لالولی پولیس اسٹیشن میں درخواست موصول ہونے کے بعد متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو نوجوان 33 سالہ محمد غفران خان اور 35 سالہ زین العابدین کو گرفتار کر لیا۔ دونوں کو قانونی کارروائی کے بعد عدالت کے سامنے پیش کیا گیا ہے۔
پولیس نے اس معاملے میں استعمال ہونے والے دو موبائل فون بھی قبضے میں لے لیے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔
دوسری جانب پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سوشل میڈیا پر کسی بھی قسم کی اشتعال انگیز، قابل اعتراض یا مذہبی جذبات کو مجروح کرنے والی پوسٹس، تصاویر یا ویڈیوز شیئر کرنے سے گریز کریں، کیونکہ ایسی سرگرمیاں قانوناً جرم کے زمرے میں آتی ہیں اور سماجی ہم آہنگی کو متاثر کرتی ہیں۔



