بکروں سے بھرے ٹرک کے الٹتے ہی لوٹ مار مچ گئی – زخمی مدد کو ترستے رہے اور لوگ بکرے لوٹتے رہے

اترپردیش کے ضلع کوشامبی میں انسانیت کو شرمسار کرنے والا واقعہ، بکریوں سے بھرا ٹرک الٹتے ہی لوٹ مار مچ گئی
لکھنو : اترپردیش کے ضلع کوشامبی میں ایک حیران کن اور افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں بکروں سے بھرا ایک تیز رفتار ٹرک بے قابو ہوکر نیشنل ہائی وے پر الٹ گیا۔ حادثہ میں کئی افراد زخمی ہوگئے، تاہم موقع پر موجود لوگوں نے زخمیوں کی مدد کرنے کے بجائے بکرے لوٹنے میں مصروف ہوگئے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لوگ کوئی بکرے کندھے پر اٹھائے تو کوئی گود میں بھر کر لے جارہا ہے۔ حادثہ کے بعد سڑک پر بکھرے بکرے کو لوٹنے کیلئے بھیڑ ٹوٹ پڑی، جبکہ زخمی افراد مدد کیلئے پکارتے رہے۔
یہ حادثہ کوکھراج پولیس اسٹیشن کے حدود کے ٹیڑھی موڑ کے قریب پیش آیا، جہاں ٹرک اچانک بے قابو ہوکر پلٹ گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو ہاسپٹل منتقل کیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
پولیس کے مطابق حادثہ کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور ٹرک کو ضبط کرلیا گیا ہے۔



