بزم اتحاد گروپ کی نعتیہ محفل – صحافی سید امین الحسن جعفری کو “سالارِ ملت ایوارڈ 2026ء سے نوازا گیا

حیدرآباد (راست) بزمِ اتحاد گروپ نے پیغمبرِ اسلام حضرت محمد مصطفیٰ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی ولادتِ باسعادت کے جشن کے سلسلے میں اتوار کو ایک شاندار محفلِ نعت کا اہتمام کیا۔ حیدرآباد کے رائل ریجنسی گارڈن آصف نگر میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں سینئر صحافی اور سابق ایم ایل سی سید امین الحسن جعفری کو “سالارِ ملت ادبی ایوارڈ 2026” سے نوازا گیا۔
سید امین الحسن جعفری کو یہ ایوارڈ صحافت کے شعبے میں 50 سال مکمل کرنے اور اس پیشے میں ان کی گرانقدر خدمات کے اعتراف میں پیش کیا گیا۔ ان کے تحریریں قومی اور بین الاقوامی میڈیا میں باقاعدگی سے شائع ہوتے رہے ہیں۔ جعفری صاحب کو ایوارڈ جناب احمد الدین اویسی کے فرزند ڈاکٹر امین الدین اویسی کے ہاتھون پیش کیا۔
بزم اتحاد گروپ کی اہتمام کردہ اس نعتیہ محفل میں تقریباً ایک درجن شعراء نے شرکت کی اور بارگاہِ رسالت مآب (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) میں نذرانہِ عقیدت پیش کیا۔ شرکاء میں سید ابوالحسن حسینی، ملک محمد اسماعیل، خواجہ خان، محمد سلمان قادری، امین الدین انصاری، شیخ احمد مصطفیٰ قادری، نظام حافظ سلیم قادری، ڈاکٹر طیب پاشا قادری، یوسف خان اعجاز، نعمان علی قادری، اسماعیل قادری شامل تھے۔
پروگرام کا آغاز مصطفیٰ وقار الدین کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ بزمِ اتحاد گروپ کے گلوبل وائس پریذیڈنٹ یوسف الدین امجد نے تقریب کی صدارت کی۔ تنظیم کے علاقائی صدر محمد عبیدالرحمن نے سالانہ رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ “بزمِ اتحاد گروپ” کے قیام کے بعد سے گزشتہ 38 برسوں کے دوران تنظیم نے 22 مشاعرے منعقد کیے ہیں، جن میں جدہ (سعودی عرب) میں منعقدہ 12 بین الاقوامی مشاعرے بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تنظیم نے راشن کٹس کی تقسیم، 12 طبی کیمپوں کے انعقاد اور دو مساجد کی تعمیر کے علاوہ حیدرآباد میں غریب خاندانوں، بالخصوص شادیوں کے سلسلے میں، مالی معاونت بھی فراہم کی ہے۔ تنظیم نے ضرورت مند طلبہ کی فیس ادا کی، کتابین اور اسکول بیگ فراہم کئے۔
رکن اسمبلی نامپلی ماجد حسین نے حسن بایزید اور محمد علی نیر کو “بزمِ اتحاد گروپ” کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں یادگاری مومنٹوز پیش کئے۔ انہوں نے شریک نعت گو شعراء میں بھی یادگاری مومنٹوز پیش کئے۔ رکن اسمبلی چارمینار و بزمِ اتحاد گروپ کے سرپرست، میر ذوالفقار علی نے تنظیم کے ساتھ اپنی طویل وابستگی کا ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ تنظیم کے قیام کے وقت سے ہی اس کے سرپرست کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں اور یاد دلایا کہ سابق صدر مجلس و رکن پارلیمنٹ سلطان صلاح الدین اویسی بھی تنظیم کے ابتدائی برسوں میں اس کے پروگراموں میں شرکت کیا کرتے تھے۔
میر ذوالفقار علی نے کہا کہ عالمی صدر احمد الدین اویسی کی ہدایات کے مطابق، تنظیم اب مشاعروں کے بجائے نعت کی محفلوں کے انعقاد کا اہتمام کررہی ہے۔اس موقع پر شاہ خلیل اللہ نے حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی حیاتِ طیبہ اور تعلیمات پر خصوصی خطاب کیا۔ محفل میں درگاہ حضرت شاہ محمد حسن ابو العلائی کے سجادہ نشین بھی موجود تھے۔ پبلک گارڈن کی شاہی مسجد کے امام، ڈاکٹر احسن الحمومی بھی بطور مہمانِ خصوصی شریک رہے۔
تلنگانہ اسٹیٹ مائنارٹیز کمیشن کے سابق چیئرمین طارق انصاری بھی تقریب میں موجود نمایاں مہمانوں میں شامل تھے۔ پروگرام میں مہمانوں، کمیونٹی رہنماؤں اور مدعوئین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔بزم کے جنرل سیکرٹری امجد حسین زبیر نے پروقار انداز میں کارروائی چلائی، جبکہ ڈاکٹر طیب پاشا نے نعتیہ محفل کی نظامت کی۔ جلیل طارق نے کلماتِ تشکر ادا کیے۔
پروگرام کا اختتام حضور اکرم ﷺ کی بارگاہ میں سلام اور دعا پر ہوا۔




