محمد صہیب ٹی آر ایس مسلم مائناریٹی ونگ کے ریاستی صدر مقرر
حیدرآباد: محمد صہیب کو تلنگانہ راشٹرا سمیتی (ٹی آر ایس) کے مسلم مائناریٹی ونگ کا ریاستی صدر مقرر کیا گیا ہے۔ پارٹی سربراہ کلوواکنتلا کویتا نے آج اس سلسلہ میں احکام جاری کرتے ہوئے محمد صہیب کی تقرری کا اعلان کیا۔
محمد صہیب کی بحیثیت ریاستی صدر تقرری پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ شخصیات، پارٹی قائدین، اقلیتی رہنماؤں اور کارکنوں نے انہیں دلی مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ پارٹی حلقوں میں ان کی تقرری کو اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
اپنی تقرری پر محمد صہیب نے پارٹی سربراہ کے۔ کویتا سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں جو ذمہ داری سونپی گئی ہے، وہ اسے پوری دیانت داری اور عزم کے ساتھ نبھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی کے اصولوں اور پالیسیوں پر کاربند رہتے ہوئے عوام، بالخصوص اقلیتی طبقات کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور جدوجہد کریں گے۔
محمد صہیب نے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی، سماجی انصاف اور تمام طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے پارٹی کی جدوجہد کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی قیادت اور کارکنوں کے تعاون سے ایک سماجی اور فلاحی تلنگانہ کے قیام کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔



