جنرل نیوز

ایس آئی آر – کریم نگر میں تلگو کے ساتھ انگریزی فارم فراہم کرنے کا مطالبہ : عدالہ کی ضلع الیکشن حکام کو یادداشت

کریم نگر، 18 جون : عدالہ (ایکسیس ٹو جسٹس نیٹ ورک) تنظیم کے بانی چیئرمین محمد عبدالمجیب ایوب نے عدالہ ایس آئی آر گراس روٹس کمیونٹی پیرا لیگلز اور رضاکاروں کی جانب سے ضلع کلکٹر و ضلع الیکشن آفیسر کریم نگر اور میونسپل کمشنر و الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر کریم نگر کو ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ خصوصی جامع نظرثانی  مہم کے دوران تلگو کے ساتھ ساتھ انگریزی زبان میں بھی خانہ شماری فارم دستیاب کرائے جائیں۔

 

عدالہ نے زمینی سطح پر ووٹروں سے ملاقاتوں اور مشاہدات کی بنیاد پر کہا کہ اگر فارم صرف تلگو میں دستیاب ہوں تو خاص طور پر شہری اور نیم شہری علاقوں کے کئی ووٹروں کو دشواری پیش آسکتی ہے۔ اگرچہ بیشتر افراد روزمرہ زندگی میں تلگو یا اردو بولتے ہیں، لیکن سرکاری طرز کی تحریری تلگو کو پڑھنے اور لکھنے میں مہارت ہر کسی کو حاصل نہیں ہوتی۔ اس کے برعکس انگریزی زبان تعلیم، بینکاری، انتظامیہ اور سرکاری دستاویزات میں وسیع پیمانے پر استعمال ہوتی ہے، اس لئے نوجوان ووٹروں اور شہری علاقوں کے باشندوں کے لئے زیادہ سہولت بخش ثابت ہوسکتی ہے۔

 

تنظیم نے یہ بھی نشاندہی کی کہ تلنگانہ، بالخصوص کریم نگر ضلع میں راجستھان، گجرات، مہاراشٹرا، اترپردیش اور بہار جیسے مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے بڑی تعداد میں تارکین وطن اور آبادکار مقیم ہیں، جن میں سے کئی افراد تحریری تلگو سے واقف نہیں ہیں۔ ایسی صورت میں انگریزی فارم متبادل کے طور پر فراہم کئے جانے سے ووٹروں کو درست اور آسان طریقے سے ایس آئی آر عمل میں حصہ لینے میں مدد ملے گی۔

 

عدالہ نے یاد دلایا کہ 2002 میں ہونے والی خصوصی جامع نظرثانی کے دوران زیادہ تر معلومات تلگو میں جمع کئے جانے کے سبب نام، پتہ اور دیگر ذاتی تفصیلات میں متعدد غلطیاں سامنے آئی تھیں، جس سے ووٹروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ اگر اس بار بھی ووٹروں کو صرف ایک زبان میں فارم بھرنے پر مجبور کیا گیا تو اسی نوعیت کی مشکلات دوبارہ پیدا ہوسکتی ہیں۔

 

تنظیم نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) نے تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے مشاورت کے بعد حیدرآباد کے کثیر لسانی علاقوں میں ووٹروں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے انگریزی شماریاتی فارم استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عدالہ نے مطالبہ کیا کہ یہی اصول کریم نگر سمیت ریاست کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرس، بلدیات اور شہری و نیم شہری علاقوں میں بھی نافذ کیا جائے۔

 

محمد عبدالمجیب ایوب نے اس مسئلہ کو عوامی مفاد اور فوری اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایس آئی آر-2026 کا بنیادی مرحلہ 25 جون 2026 سے شروع ہونے والا ہے، جس کے تحت ووٹروں میں شماریاتی فارم تقسیم کئے جائیں گے۔ انہوں نے ضلع کلکٹر و ضلع الیکشن آفیسر کریم نگر سے اپیل کی کہ وہ اس معاملہ کو فوری طور پر چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ کے سامنے اٹھائیں، الیکشن کمیشن آف انڈیا سے ضروری ہدایات حاصل کریں اور اس عمل کے آغاز سے قبل تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں اور متعلقہ فریقوں کا ہنگامی اجلاس طلب کر کے مناسب فیصلہ کریں۔

 

انہوں نے کہا، ’’ایس آئی آر مہم کا مقصد کسی مخصوص زبان کو فروغ دینا نہیں بلکہ زیادہ سے زیادہ ووٹروں کی شرکت اور ان کی معلومات کا درست اندراج یقینی بنانا ہے۔ اس لئے تلگو کے ساتھ انگریزی فارم متبادل کے طور پر دستیاب رہنے چاہئیں تاکہ زبان سے متعلق دشواریوں کی وجہ سے کوئی حقیقی ووٹر پریشانی کا شکار نہ ہو یا اس عمل سے محروم نہ رہ جائے۔‘‘

 

یہ یادداشت احتشام الحق، شبیر حسین، ظہیر سلطان، ذیشان مرزا، سرور شریف، سید توصیف علی سمیت عدالہ ایس آئی آر گراس روٹس کمیونٹی پیرا لیگلز اور رضاکار ٹیم سے وابستہ سماجی کارکنوں، وکلاء اور رضاکاروں کی موجودگی میں پیش کی گئی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button