کریم نگر میں مسلمہ صحافیوں کے بچوں کے لیے خانگی اسکولوں میں 100 فیصد فیس معافی
کریم نگر، 17 جون:کریم نگر ضلع کے مسلمہ ورکنگ جرنلسٹس کے لیے خوش آئند پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیش افسر نے تعلیمی سال 2026-27 کے دوران خانگی تسلیم شدہ اسکولوں میں زیر تعلیم صحافیوں کے بچوں کو سو فیصد فیس معاف کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
یہ فیصلہ تلنگانہ اسٹیٹ یونین آف ورکنگ جرنلسٹس (TUWJ-IJU) کریم نگر ضلع یونٹ کے صدر گاندلا سرینواس کی جانب سے پیش کردہ نمائندگی پر غور کے بعد کیا گیا۔ محکمہ تعلیم نے صحافیوں کو درپیش معاشی مشکلات کے پیش نظر ان کے بچوں کی تعلیم کے بوجھ کو کم کرنے کے مقصد سے یہ اقدام اٹھایا ہے۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیش افسر کی جانب سے جاری کردہ احکامات میں ضلع کے تمام نجی تسلیم شدہ اسکولوں کی انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت منظور شدہ ورکنگ جرنلسٹس کے بچوں کو سو فیصد فیس رعایت فراہم کریں۔
اس سلسلے میں احکامات کی نقول تمام منڈل تعلیمی افسران کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں اور انہیں اس فیصلے پر مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
میڈیا حلقوں نے صحافیوں اور ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے کیے گئے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک مثبت اور قابل ستائش فیصلہ قرار دیا ہے۔



