ایران یورینیم افزودگی کے حق سے دستبرار نہیں ہوگا،امریکہ کو اسے تسلیم کرنا ہوگا

نئی دہلی: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران اپنے یورینیم افزودگی کے حق سے دستبردار نہیں ہوگا اور امریکہ کو بالآخر اس حق کو تسلیم کرنا پڑے گا تہران میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسعود پزشکیان نے کہا کہ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے اپنے مؤقف میں نمایاں تبدیلی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب امریکی صدر کا مؤقف تھا کہ ایران کو غیر مشروط طور پر ہتھیار ڈال دینا چاہیے اور اسے یورینیم
افزودگی کا حق حاصل نہیں لیکن بعد میں ان کے بیانات میں تبدیلی دیکھی گئی۔ایرانی صدر کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سابقہ مؤقف کے برعکس ایران کے بعض حقوق کو تسلیم کرنے کی بات کی، جو ان کے بقول 180 ڈگری کی تبدیلی
کے مترادف ہے۔مسعود پزشکیان نے کہا کہ امریکہ اب اس حقیقت کو نظرانداز نہیں کر سکتا کہ ایران اپنے قانونی حقوق پر قائم ہے اور امید ہے کہ جاری مذاکرات میں شریک فریق اس عمل کو کامیابی سے آگے بڑھائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بعض بادشاہت پسند گروہ نہیں چاہتے کہ ایران پُرامن ماحول میں ترقی کرے یا عوام کی زندگیوں میں بہتری آئے۔ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ جو بھی ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کرتا ہے وہ اسرائیلی
وزیراعظم نیتن یاہو کے راستے پر چل رہا ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایران اپنے قومی مفادات خودمختاری اور جوہری حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی پالیسی پر قائم رہے گا۔



