جرائم و حادثات

حیدرآباد میں حادثہ، تیز رفتار کار کی ٹکر سے سینئر نرس فہیم النیسا جاں بحق

حیدرآباد: آصف نگر پولیس اسٹیشن حدود میں اتوار کی صبح پیش آئے ایک افسوسناک حادثے میں 35 سالہ سینئر نرس فہیم النساء جاں بحق ہوگئیں۔ پولیس نے حادثے میں ملوث ٹویوٹا اِنووا کار کو ضبط کرلیا ہے اور فرار ہونے والے ملزمین کی تلاش شروع کردی ہے۔

 

پولیس کے مطابق ہل کالونی کی رہائشی فہیم النساء ایک خانگی اسپتال میں سینئر نرس کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھیں۔ وہ اتوار کی صبح تقریباً 8:30 بجے اپنے گھر سے ڈیوٹی کے لیے روانہ ہوئیں اور جیسے ہی مرکزی سڑک پر پہنچیں ایک تیز رفتار ٹویوٹا اِنووا  نے انہیں زور دار ٹکر دے دی۔

 

عینی شاہدین کے مطابق کار انتہائی تیز رفتاری سے چلائی جارہی تھی اور ٹکر اتنی شدید تھی کہ فہیم النساء شدید زخمی ہوگئیں۔ حادثے کے بعد علاقے میں افرا تفری مچ گئی اور مقامی افراد فوری طور پر زخمی خاتون کو عثمانیہ اسپتال منتقل کیا تاہم ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔

 

حادثے کے بعد متوفیہ کے افراد خاندان، رشتہ داروں اور مقامی عوام میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد کار میں سوار افراد گاڑی کو موقع پر چھوڑ کر فرار ہوگئے اور زخمی خاتون کی مدد تک نہیں کی۔ پولیس نے کار کو ضبط کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں اور اس وقت گاڑی میں موجود تمام افراد کی شناخت کی کوشش کی جارہی ہے۔

 

ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ٹویوٹا اِنووا سیلف ڈرائیو بنیاد پر کرایہ پر لی گئی تھی۔ پولیس نے گاڑی کرایہ پر لینے والوں کی شناخت کرلی ہے اور ان کے کردار کی جانچ کی جارہی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق گاڑی کرایہ پر لینے والے آصف نگر علاقے کے چند نوجوان ہیں

 

جو حادثے کے فوری بعد فرار ہوگئے تھے۔ پولیس مختلف زاویوں سے تحقیقات کرتے ہوئے ملزمین کی تلاش میں مصروف ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button