پیغمبر اسلام ﷺ کے خلاف مبینہ گستاخانہ ریمارکس، بی جے پی اقلیتی مورچہ کی لیڈر نازیہ الٰہی خان کے خلاف دو ایف آئی آر درج

ممبئی میٹروپولیٹن ریجن میں بی جے پی اقلیتی مورچہ کی لیڈر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر نازیہ الٰہی خان (41) کے خلاف پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کے بارے میں مبینہ گستاخانہ ریمارکس پر دو ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔ ان ریمارکس سے مذہبی جذبات مجروح ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
پہلی ایف آئی آر پیر کی شام بھیونڈی کے شانتی نگر پولیس اسٹیشن میں مقامی رہائشی عدنان انصاری کی شکایت پر درج کی گئی۔ شکایت کے مطابق عدنان انصاری نے انسٹاگرام پر ایک پوڈکاسٹ کی ویڈیو دیکھی، جس میں نازیہ الٰہی خان نے میزبان کے ساتھ گفتگو کے دوران مبینہ طور پر قابل اعتراض اور توہین آمیز تبصرے کئے تھے۔
شکایت میں کہا گیا ہے کہ پولیس سے رجوع کرنے سے قبل عدنان انصاری نے مقامی افراد اور برادری کے ذمہ داران سے مشاورت کی تھی۔
سینئر انسپکٹر ونایک گائیکواڑ نے تصدیق کی کہ نازیہ الٰہی خان کے خلاف مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے ارادے سے کئے گئے مبینہ اقدامات سے متعلق دفعات کے علاوہ انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔



