جرائم و حادثات

حیدرآباد اے ٹی ایم سے 17 لاکھ کی چوری کا معمہ حل۔ باپ بیٹے گرفتار

حیدرآباد ۔ چارمینار زون ٹاسک فورس اور آئی ایس سدن پولیس کی مشترکہ کارروائی 14.55 لاکھ روپے موٹر سائیکل اور چار موبائل فون برآمد

 

حیدرآباد: چارمینار زون ٹاسک فورس اور آئی ایس سدن پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایس بی آئی کے اے ٹی ایم میں جمع کیے جانے والے 17 لاکھ روپے کی نقدی چوری کے سنسنی خیز معاملے کو حل کرتے ہوئے تین ملزمین کو گرفتار کر لیا۔

 

پولیس نے ان کے قبضے سے 14 لاکھ 55 ہزار روپے نقد، واردات میں استعمال ہونے والی ایک موٹر سائیکل اور چار موبائل فون برآمد کر لیے ہیں۔گرفتار شدگان کی شناخت سرینواس عرف سرینو (42)، اس کے بیٹے انیش عرف جان (22) اور جسونت (20) کے طور پر ہوئی ہے۔ سرینواس کیش وین کا ڈرائیور بتایا گیا ہے۔

 

پولیس کے مطابق 23 جون 2026 کو کلیئرڈ سکیورٹی سروسز پرائیویٹ لمیٹڈ کے کیش کسٹوڈین سریش نے آئی ایس سدن پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی تھی کہ ان کا ڈرائیور سرینواس، عیدی بازار میں واقع ایس بی آئی اے ٹی ایم میں لوڈ کیے جانے والے 17 لاکھ روپے لے کر فرار ہوگیا ہے۔

 

شکایت کی بنیاد پر آئی ایس سدن پولیس نے کرائم نمبر 160/2026 کے تحت دفعہ 303(2) بھارتیہ نیائے سنہتا (BNS) کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کیں۔تحقیقات کے دوران پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا جس میں سرینواس کو نقدی سے بھرا بیگ لے کر ایک گلی کی طرف جاتے اور وہاں پہلے سے موجود موٹر سائیکل پر سوار ہو کر فرار ہوتے دیکھا گیا۔

 

مزید جانچ میں موٹر سائیکل چلانے والے شخص کی شناخت اس کے بیٹے انیش کے طور پر ہوئی۔تکنیکی شواہد کی مدد سے پولیس نے دونوں کو بوئن پلی میں بوائز ہاسٹل کے قریب گرفتار کر لیا۔ دورانِ تفتیش ملزم سرینواس نے اعتراف کیا کہ مالی مشکلات کے باعث اس نے اپنے دونوں بیٹوں کے ساتھ مل کر چوری کی منصوبہ بندی کی تھی۔

 

منصوبے کے مطابق 23 جون کو سرینواس معمول کے مطابق کیش لوڈنگ گاڑی میں ڈیوٹی پر گیا اور اپنے بیٹے انیش کو عیدی بازار کے ایس بی آئی اے ٹی ایم کے قریب پہنچنے کی ہدایت دی جب دیگر ملازمین اے ٹی ایم میں رقم لوڈ کرنے میں مصروف تھے تو سرینواس نے گاڑی سے نقدی کا بیگ نکالا قریبی گلی میں پہنچا جہاں انیش موٹر سائیکل پر اس کا منتظر تھا۔ دونوں وہاں سے فرار ہوگئے۔

 

بعد ازاں دونوں نے پیرزادی گوڑہ میں تیسرے ملزم جسونت سے ملاقات کی جہاں سرینواس نے چوری شدہ رقم میں سے 10 لاکھ روپے جسونت کے حوالے کرتے ہوئے اسے محفوظ رکھنے کی ہدایت دی جبکہ باقی رقم اپنے پاس رکھ کر مختلف مقامات پر گھومتے رہے اور اس میں سے کچھ رقم خرچ بھی کر دی۔

 

25 جون کو موصولہ باوثوق ذرائع اطلاع کی بنیاد پر چارمینار زون ٹاسک فورس اور آئی ایس سدن پولیس نے تکنیکی شواہد کی مدد سے پہلے سرینواس اور انیش کو گرفتار کیا۔ ان کی نشاندہی پر پیرزادی گوڑہ سے تیسرے ملزم جسونت کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

 

پولیس نے تینوں ملزمین کے قبضے سے 14 لاکھ 55 ہزار روپے نقد رقم، واردات میں استعمال ہونے والی ایک پیشن پلس موٹر سائیکل اور چار موبائل فون برآمد کر لیے۔یہ کارروائی ایڈیشنل ڈی سی پی کمشنر ٹاسک فورس اے سرینواس راؤ کی نگرانی میں اے سی پی سنتوش نگر ٹی سکھدیو سنگھ، انسپکٹر چارمینار زون ٹاسک فورس ایس سعید بابو، انسپکٹر آئی ایس سدن جی ناگا راجو، ڈیٹیکٹو انسپکٹر بی سائی پرکاش گوڑ

 

سب انسپکٹرس کے راما راؤ، ایم مہیش، ایم مدھو اور چارمینار زون ٹاسک فورس و آئی ایس سدن پولیس کے عملے نے انجام دی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button