تلنگانہ کے سرکاری ملازمین کے لئے خوشخبری – ایک کروڑ روپے کی مفت انشورنس اسکیم کا آغاز

تلنگانہ حکومت نے سرکاری ملازمین، کنٹراکٹ، آؤٹ سورسنگ اور دیگر عارضی ملازمین کے لئے مفت انشورنس اسکیم کا آغاز کرتے ہوئے 14 بینکوں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے۔
رویندر بھارتی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ جو لوگ حکومت اور سرکاری اداروں کی ترقی کے لئے محنت کرتے ہیں، ان کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کے مطالبہ کئے بغیر حکومت نے خود آگے بڑھ کر یہ سہولت فراہم کی ہے۔
ریونت ریڈی نے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت ملازمین اور پنشنرس کو بھی انشورنس فوائد حاصل ہوں گے، جبکہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی بعض فوائد جاری رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حادثاتی انشورنس کے تحت ایک کروڑ سے ڈیڑھ کروڑ روپے تک کا کور فراہم کیا جائے گا، جبکہ فضائی حادثات کی صورت میں بعض بینک دو کروڑ روپے یا اس سے زائد کا بیمہ تحفظ فراہم کریں گے۔
چیف منسٹر نے ریاست کی ترقی اور اسے ملک میں نمایاں مقام دلانے کے لیے خدمات انجام دینے والے تمام ملازمین کا شکریہ بھی ادا کیا۔



