تلنگانہ

ایس آئی آر کے دوران حقیقی ووٹروں کے تحفظ کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں: محمد علی شبیر

 

کاماریڈی، 25 جون: حکومت تلنگانہ کے مشیر و سابق وزیر محمد علی شبیر نے مطالبہ کیا ہے کہ ووٹر فہرستوں کی خصوصی جامع نظرثانی (SIR) کے دوران حقیقی ووٹروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے گاؤں، وارڈ اور بوتھ سطح پر خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔

 

کاماریڈی میں اپنی رہائش گاہ پر ایس آئی آر عمل کے تحت ووٹر تفصیلات درج کرانے کے بعد شبیر علی نے کہا کہ حقِ رائے دہی جمہوریت کا ایک انتہائی قیمتی حق ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جانا چاہئے کہ کوئی بھی اہل ووٹر فہرست سے خارج نہ ہو۔

 

انہوں نے کانگریس قائدین، کارکنوں، سرپنچوں، وارڈ ممبران، کونسلروں، بوتھ لیول ایجنٹوں اور بوتھ لیول افسرس سے اپیل کی کہ وہ باہمی تعاون کے ساتھ گھر گھر جاکر ووٹر فہرستوں کی جانچ کریں۔ انہوں نے 18 سال کی عمر مکمل کرنے والے نوجوانوں کے ووٹر اندراج میں بھی مدد کرنے پر زور دیا۔

 

شبیر علی نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور سرکاری مشنری کی ذمہ داری ہے کہ ووٹر فہرستوں کی نظرثانی شفاف انداز میں انجام دی جائے تاکہ عوام کا انتخابی عمل پر اعتماد مزید مضبوط ہو۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی ووٹروں کے نام برقرار رکھے جائیں جبکہ فرضی اور نااہل ووٹوں کو حذف کیا جائے۔

 

انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں ہر ووٹ کی یکساں اہمیت ہوتی ہے، اس لیے ووٹ کے حق کا تحفظ ہر سیاسی جماعت اور ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button