نویں جماعت کے نصاب میں ایمرجنسی کا دور شامل
قومی تعلیمی تحقیق و تربیت کونسل (NCERT) نے پہلی بار 1975 کی متنازع ایمرجنسی کو نویں جماعت کے سوشل سائنس کے نصاب میں شامل کر لیا ہے۔ نئے باب میں ایمرجنسی کو ہندوستانی جمہوریت کو درپیش سب سے بڑے چیلنجز میں سے ایک قرار دیتے ہوئے بنیادی حقوق کی معطلی، پریس پر پابندیوں اور سیاسی مخالفین کی گرفتاریوں جیسے موضوعات پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی ہے۔
نئی قومی تعلیمی پالیسی کے تحت تیار کردہ کتاب "انڈراسٹینڈنگ سوسائٹی: انڈیا اینڈ بیونڈ” میں اس موضوع کو شامل کیا گیا ہے۔ مرکزی وزیر تعلیم نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایمرجنسی جیسے تاریک دور کے بارے میں نئی نسل کو آگاہ کرنا ضروری ہے تاکہ ایسے حالات دوبارہ پیدا نہ ہوں۔
دوسری جانب بی جے پی کے قومی ترجمان نے ایمرجنسی کو آئینی تاریخ کا سیاہ باب قرار دیتے ہوئے کانگریس پر تنقید کی۔ تاہم اپوزیشن جماعتوں نے نصاب میں کی گئی ان تبدیلیوں کی مخالفت کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ حکومت تاریخ کو اپنے سیاسی مفادات کے مطابق پیش کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔



