تلنگانہ ضلع کاماریڈی میں خوفناک سڑک حادثہ، ایک نوجوان ہلاک 2 شدید زخمی

نظام آباد ۔ ریاست تلنگانہ کے ضلع کاماریڈی میں جمعہ کی رات پیش آئے ایک المناک سڑک حادثے میں ایک نوجوان ہلاک جبکہ دو دیگر شدید زخمی ہوگئے۔
یہ افسوسناک واقعہ مچاریڈی منڈل کے کاکولاگٹہ تانڈہ کے قریب پیش آیا۔پولیس کے مطابق گمبھی راوپیٹ گاؤں کے رہنے والے دوست دمپلا وکاس، بنگلا انویش گوڑ اور کوٹا انیل (22) جمعہ کے روز کام کے سلسلے میں کاماریڈی آئے تھے۔
کام مکمل کرنے کے بعد تینوں کار کے ذریعے اپنے آبائی گاؤں واپس جا رہے تھے کہ مچاریڈی۔مستا باد شاہراہ پر کاکولاگٹہ تانڈہ کے قریب گاڑی بے قابو ہو گئی جس کے باعث کار سڑک کنارے موجود ایک درخت سے ٹکرا گئی۔
حادثہ اس قدر شدید تھا کہ کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ گاڑی میں پھنسے کوٹا انیل کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ وکاس اور انویش گوڑ شدید زخمی ہوگئے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے حادثے کی وجوہات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔



