محرم کے تعزیہ کو ہائی ٹینشن تار لگنے سے 3 افراد جاں بحق، 13 زخمی – مدھیہ پردیش کے رتلام ضلع میں محرم جلوس کے دوران سانحہ

بھوپال – مدھیہ پردیش کے ضلع رتلام کے ہتنارا گاؤں میں محرم کے جلوس کے دوران تعزیہ 11 کے وی ہائی ٹینشن برقی کی تار سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں کرنٹ لگنے سے 3 افراد جاں بحق اور 13 دیگر زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق تعزیہ کافی بلند تھا اور جلوس کے دوران برقی کی تار سے چھو گیا، جس سے اسے اٹھائے ہوئے 16 افراد کرنٹ کی زد میں آگئے۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت راشد خان، صدو حسین اور ارباز خان کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ زخمیوں کا علاج رتلام میڈیکل کالج میں جاری ہے۔
واقعہ کے بعد مقامی لوگوں نے محکمہ برقی پر لاپرواہی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ہر سال محرم کے جلوس کے دوران اسی راستے پر برقی بند کر دی جاتی تھی، لیکن اس بار اہلکار موجود ہونے کے باوجود برقی کی سپلائی منقطع نہیں کی گئی، جس کے باعث یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔



