عادل آباد میں پٹاخہ سائلنسر والوں پر پولیس کا روڈ رولر چلا، 121 سائلنسر کچل دیے گئے

عادل آباد: تلنگانہ کی عادل آباد ضلع پولیس نے شور کی آلودگی کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک ماہ پر مشتمل خصوصی مہم کے دوران موٹر سائیکلوں سے نکالے گئے 121 غیر قانونی ترمیم شدہ (موڈیفائیڈ) سائلنسرز کو روڈ رولر کے ذریعے کچل کر تلف کردیا۔
یہ خصوصی مہم ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کی ہدایت پر چلائی گئی، جس کا مقصد ان موٹر سائیکلوں کے خلاف کارروائی کرنا تھا جن میں غیر قانونی طور پر موڈیفائیڈ یا "پٹاخہ” آواز پیدا کرنے والے سائلنسرز لگائے گئے تھے، جو شدید شور پیدا کرکے عوام کے لیے پریشانی کا باعث بنتے ہیں۔
پولیس نے کارروائی کے دوران موڈیفائیڈ سائلنسرز کو ہٹا کر ان کی جگہ کمپنی کے اصل سائلنسرز نصب کئے، جبکہ ضبط شدہ سائلنسرز کو پیر کے روز کلکٹر چوراستہ پر ضلع ایس پی کی موجودگی میں روڈ رولر کے ذریعے تلف کردیا گیا۔
اس موقع پر ایس پی اکھل مہاجن نے کہا کہ اس مہم کا مقصد بچوں، خواتین، بزرگوں اور اسپتالوں کے اطراف موجود مریضوں کو غیر ضروری شور کی آلودگی سے محفوظ رکھنا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ضلع بھر میں ایسی خصوصی مہمات آئندہ بھی جاری رہیں گی اور موڈیفائیڈ سائلنسر استعمال کرنے والوں کے خلاف ماحولیاتی تحفظ کے قانون کے تحت سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ایس پی نے مکینکوں کو بھی خبردار کیا کہ وہ غیر قانونی سائلنسر نصب کرنے سے گریز کریں، جبکہ نجی گاڑیوں میں پولیس سائرن کا غیر مجاز استعمال کرنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔



