اسپشل اسٹوری

25 سالہ خاتون نے ایک ہی زچگی میں 4 بچوں کو جنم دیا

راجستھان کے ضلع جھالاور میں ایک نایاب واقعہ پیش آیا، جہاں 25 سالہ خاتون نے ایک ہی زچگی میں چار بچوں کو جنم دیا۔ ان میں تین بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہیں۔ بچے وقت سے پہلے پیدا ہوئے ہیں اور ان کا وزن بھی کم ہے، جس کے باعث انہیں نوزائیدہ بچوں کے انتہائی نگہداشت وارڈ (NICU) میں رکھا گیا ہے، جہاں ڈاکٹروں کی خصوصی نگرانی میں علاج جاری ہے۔

 

جھالاور شہر کے بھوئی محلہ سے تعلق رکھنے والی 25سالہ جیوتی کشیپ اور ارون کشیپ کے یہاں پہلے سے ایک بچہ ہے۔ دوسری زچگی کے لئے جیوتی کو سرکاری ہیرا کنور با خواتین ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا تھا۔  ڈاکٹروں نے سیزیرین آپریشن کے ذریعہ زچگی کرائی، جس کے دوران چار بچوں کی پیدائش ہوئی۔

 

ڈاکٹروں کے مطابق زچگی تقریباً 29 ہفتوں میں ہی ہوگئی، اس لئے ہر بچے کا وزن صرف 1.1 سے 1.2 کلوگرام کے درمیان ہے۔ عام طور پر مکمل مدت کے بعد پیدا ہونے والے بچوں کا وزن تقریباً 2.5 کلوگرام ہوتا ہے۔ چونکہ ان بچوں کے پھیپھڑے مکمل طور پر نشوونما نہیں پا سکے، اس لئے انہیں سانس لینے میں مدد کے لئے خصوصی طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

 

ڈاکٹر وشال نے بتایا کہ اپنے پورے طبی کیریئر میں پہلی بار انہوں نے ایک ہی زچگی میں چار بچوں کی پیدائش دیکھی ہے۔ ماہرین کے مطابق تقریباً ہر 24 ہزار زچگیوں میں ایک ایسا نایاب واقعہ پیش آتا ہے۔

 

ڈاکٹروں نے بتایا کہ ماں جیوتی کی حالت اب مستحکم ہے اور انہیں گائناکولوجی وارڈ منتقل کر دیا گیا ہے۔ چار بچوں میں سے ایک کی صحت میں معمولی بہتری آئی ہے، جبکہ باقی تین بچوں کی حالت بھی فی الحال مستحکم ہے۔

 

بچوں کے والد ارون کشیپ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بیٹی کی امید کر رہے تھے، لیکن بھگوان نے انہیں تین بیٹیاں اور ایک بیٹا عطا کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھگوان کا ہر فیصلہ ان کے لیے خوشی کا باعث ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button