شاہ آباد واقعہ۔ ملزم نے بیوی بچوں کو کیوں مارا؟ راجکمار کی بہن نے بتائی وجہہ

حیدرآباد۔ تلنگانہ ضلع رنگا ریڈی شاہ آباد میں 6 افراد کے قتل کے مرکزی ملزم راج کمار کے حوالے سے اہم سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ہیں۔ حال ہی میں ملزم کی جانب سے اپنی ہی بیوی اور بچوں کو بے رحمی سے قتل کرنے کی اصل وجوہات کا پتہ چلا ہے۔
پولیس کو ملزم کی بہن کی طرف سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق راج کمار کی بیوی سریتا (33) سال عمر میں اس سے چھ سال بڑی تھی اور ان دونوں نے لو میرج (پسند کی شادی) کی تھی۔ پولیس کی حالیہ تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ جب راج کمار انٹر میڈیا کا طالب علم تھا تو سریتا اسے ٹیوشن پڑھاتی تھی اور وہ اس کی ٹیچر تھی۔
راج کمار نے محبت کے نام پر سریتا کو کافی ہراساں کیا اور اس کے لیے آنے والے دیگر شادی کے رشتوں کو بھی متاثر کیا جس کے بعد بالآخر 2018 میں ان دونوں کی شادی ہو گئی۔راج کمار پیشے کے لحاظ سے ڈرائیونگ کر کے اپنے خاندان کی کفالت کر رہا تھا لیکن وقت کے ساتھ وہ سٹے بازی اور جوئے جیسی بری عادتوں کا شکار ہو گیا۔
جوا کھیلنے کی وجہ سے وہ مقروض ہوگیا تھا جس کے بعد اس نے خودکشی کی کوشش بھی کی۔ جب راج کمار نے اپنے والدین سے گزارش کی کہ وہ قرض ادا کرنے کے قابل نہیں ہے اور جان دے دے گا تو مجبوراً اس کے والدین نے اپنی کچھ زمین بیچ کر اس کا قرض اتارا۔
قرض ادا ہونے کے بعد بھی راج کمار کی عادات میں کوئی سدھار نہیں آیا بلکہ وہ مزید عیاشی اور شراب نوشی کا عادی ہو گیا۔ ملزم کی بہن نے پولیس کو بتایا کہ وہ اکثر شراب پی کر گھر آتا اور بیوی کو شدید ذہنی و جسمانی اذیت کا نشانہ بناتا تھا۔ اس نے مارکیٹ میں تقریباً 2 کروڑ روپے کا قرضہ لے رکھا تھا۔
خاندان کے دیگر ارکان کے مطابق سریتا شوہر کے روز روز کے تشدد اور ہراساں کیے جانے سے تنگ آ چکی تھی اور اس نے راج کمار سے طلاق کا مطالبہ کیا تھا۔ اسی بات کا غصہ ملزم نے اپنی بیوی اور دو معصوم بچوں سمیت خاندان کے دیگر افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ پولیس معاملے کی مزید تفتيش کر رہی ہے۔



