انٹر نیشنل

ہند سعودی اقتصادی تعاون کو نئی راہ ۔ کے پی گروپ کے اعلیٰ سطحی وفد کے سعودی عرب میں اہم مذاکرات، گرین انرجی سرمایہ کاری پر زور 

جدّہ – عبدالرحمان مرزا بیگ

ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان تیزی سے فروغ پاتے اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے مقصد سے گجرات کے معروف “کے پی گروپ” (KP Group) کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے سعودی عرب کا دورہ کیا، جس کے دوران قابلِ تجدید توانائی، گرین انفراسٹرکچر، جدید مینوفیکچرنگ اور پائیدار سرمایہ کاری کے شعبوں میں باہمی تعاون کے امکانات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ یہ تمام شعبے سعودی عرب کے وژن 2030 کے اہداف سے ہم آہنگ ہیں۔

 

وفد کی قیادت ڈاکٹر فاروق جی۔ پٹیل، چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر، “کے پی گروپ” نے کی۔ وفد میں ظفر ساریش والا، حسن پٹیل (ڈائریکٹر)، سدھارتھ ٹھاکر (آزاد ڈائریکٹر)، سجات ٹھاکر (چیئرمین کے ایگزیکٹو اسسٹنٹ)، روی راج دیسائی (نائب صدر منتخب، سدرن گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹر(SGCCI) حبیب ساریش والا اور ارشاد اختر الہلا (ESGS) بھی شامل تھے۔

 

مملکت کے دورے کے موقع پر وفد نے ریاض میں میں سفیر ہند ڈاکٹر سہیل اعجاز خان سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر قابلِ تجدید توانائی، سرمایہ کاری، اختراع (Innovation) اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

 

بعد ازاں جدہ میں ہندوستانی قونصل جنرل فہد احمد خان سوری نے دورہ کنندہ وفد کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا- اس موقع پر ہند سعودی کے درمیان سرمایہ کاری، تجارت اور صنعتی تعاون کے فروغ سے متعلق مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات نئی بلندیوں کی جانب گامزن ہیں۔

 

واضح رہے کہ کے پی گروپ کی بنیاد 1994 میں ڈاکٹر فاروق بھائی جی۔ پٹیل نے رکھی تھی۔ لاجسٹکس کے شعبے سے آغاز کرنے والا یہ ادارہ گزشتہ 31 برسوں میں قابلِ تجدید توانائی، فیبریکیشن، گیلونائزنگ، ٹیلی کام انفراسٹرکچر، گرین ہائیڈروجن اور گرین امونیا سمیت متعدد شعبوں میں نمایاں مقام حاصل کر چکا ہے۔

 

سرکاری ملاقاتوں کے بعد انڈین بزنس اینڈ پروفیشنلز نیٹ ورک (IBPN) کے چیئرمین عزیز الرّب کی میزبانی میں جدہ میں وفد کے ایک خصوصی اجلاس اور ان کے عزاز میں کا اہتمام کیا۔ جس میں مملکت کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے ممتاز ہندوستانی صنعت کاروں اور تاجر حضرات نے شرکت کی۔

 

اس موقع پر کے پی گروپ نے اپنی کاروباری ترقی کا جامع تعارف پیش کرتے ہوئے گروپ کی سرگرمیون اور ترقی کے زینے طئے کرنے کے تفصیلات سے حاضرین کو واقف کروایا۔

 

وفد کا دورہ اس مشترکہ عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوا کہ ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعلقات کو پائیدار سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی، اختراعی منصوبوں اور طویل المدتی تجارتی شراکت داری کے ذریعے مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button