جرائم و حادثات

خاتون کے ساتھ جنسی ہراسانی اور رقم کی وصولی سب انسپکٹر گرفتار۔تلنگانہ کے ورنگل میں واقعہ

حیدرآباد: سوشل میڈیا کے ذریعے خاتون سے تعلقات قائم کرکے رقم وصول کرنے کے الزام میں ایک سب انسپکٹر کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا ہے۔

 

پولیس کے مطابق راجنا سرسلہ ضلع کے کوناراؤپیٹ منڈل سے تعلق رکھنے والا شریکانت 2014 بیاچ کا سب انسپکٹر ہے۔ وہ سوشل میڈیا کے ذریعے خواتین سے دوستی بڑھاتا تھا اور بعد میں انہیں ذہنی اور جسمانی طور پر ہراساں کرتا تھا۔

 

سال 2025 میں شر کانت نے فیس بک کے ذریعے ایک خاتون سے رابطہ قائم کیا بعد میں اس نے خاتون سے قریبی تعلقات بنائے۔ جب وہ جمّی کنٹا میں تعینات تھا تو اس نے خاتون کے حالات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اسے زبردستی اپنے قابو میں کیا۔

 

بعد ازاں ملزم نے متاثرہ خاتون کی ذاتی تصاویر کے ذریعے اسے بلیک میل کیا ویڈیو کالز پر نازیبا طریقے سے ہراساں کیا اور اس سے رقم بھی وصول کی جب خاتون نے اپنی دی ہوئی رقم واپس مانگی تو اسے دھمکیاں دیں۔

 

اس معاملے میں متاثرہ خاتون نے ہنمکنڈہ کے صوبیداری پولیس اسٹیشن سے رجوع کیا۔ خاتون کی شکایت پر پولیس نے تحقیقات شروع کیں۔پولیس کے مطابق تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ ملزم

 

گزشتہ چار ماہ سے گرفتاری کے خوف سے گوا، حیدرآباد اور نظام آباد سمیت مختلف مقامات پر چھپتا پھر رہا تھا۔ پولیس سے بچنے کے لیے اس نے سم کارڈز بھی تباہ کر دیے تھے اور وائی فائی کے ذریعے رابطہ جاری رکھا ہوا تھا۔

 

تکنیکی شواہد اور قابلِ اعتماد معلومات کی بنیاد پر پولیس نے ملزم شریکانت کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جہاں سے اسے عدالتی تحویل میں دینے کے احکامات جاری کئے گئے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button