جرائم و حادثات

حیدرآباد میں خاتون سافٹ ویئر انجینئر کی مشتبہ موت۔ شوہر پر دوسری خاتون سے تعلقات کا الزام

حیدرآباد:میرپیٹ پولیس اسٹیشن کی حدود میں ایک سافٹ ویئر انجینئر خاتون کی مشتبہ حالت میں موت کا واقعہ پیش آیا۔ انسپکٹر شوبھن اور متوفیہ کے ارکان خاندان کے مطابق کوکٹ پلی کے آلوین کالونی کے نرسمہا سوامی اور پدما کی بیٹی ہیما (28) ایک سافٹ ویئر انجینئر تھیں۔

 

ان کی شادی تقریباً 15 ماہ قبل الماس گوڑہ کے ونائک ہلز کے سافٹ ویئر انجینئر راج کمار سے ہوئی تھی۔گھر والوں کے مطابق جمعرات کی شام ہیما کی موت ہوئی جسے ابتدائی طور پر خودکشی قرار دیا جا رہا ہے۔

 

متوفیہ کے رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ شادی کے کچھ ہی دن بعد راج کمار نے ہیما کو بتایا تھا کہ وہ کسی دوسری خاتون سے محبت کرتا ہے اور خاندان کے دباؤ میں آکر اس نے یہ شادی کی تھی۔ اس کے بعد وہ اکثر ہیما سے جھگڑا کرتا رہتا تھا۔

 

ارکان خاندان نے الزام لگایا کہ گھر کے اخراجات اور قسطیں ہیما اپنی تنخواہ سے ادا کرتی تھیں جبکہ راج کمار اپنی آمدنی کے بارے میں کچھ نہیں بتاتا تھا۔ اس کے علاوہ وہ ہیما پر یہ پابندی بھی لگاتا تھا کہ اس کے ماں باپ یا دیگر رشتہ دار صرف اس کی اجازت سے ہی گھر آ سکتے ہیں

 

جس سے وہ مسلسل ذہنی دباؤ میں رہتی تھی۔خاندان کے مطابق شادی کے بعد سے دونوں کے درمیان اکثر جھگڑے ہوتے رہے جس کے باعث گزشتہ دو ماہ سے ہیما اپنے میکے میں رہ رہی تھی۔

 

تقریباً ایک ماہ قبل خاندان کے بزرگوں نے دونوں کے درمیان صلح کرائی جس پر راج کمار نے اچھا رویہ اختیار کرنے کا وعدہ کیا جس کے بعد ہیما کو دوبارہ سسرال بھیج دیا گیا۔

 

ہیما کے گھر والوں کہنا ہے کہ راج کمار کا ایک دوسری خاتون کے ساتھ مبینہ ناجائز تعلق تھا جس کی وجہ سے ہیما شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہو گئی تھی۔ہیما کے باپ نرسمہا سوامی نے الزام لگایا کہ ان کی بیٹی اتنی کمزور نہیں تھی کہ خودکشی کر لے۔

 

ان کے مطابق انہیں شبہ ہے کہ یہ قتل ہے جسے خودکشی کا رنگ دیا جا رہا ہے۔انسپکٹر نے بتایا کہ اصل حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی سامنے آئیں گے اور متاثرہ خاندان کی شکایت کی بنیاد پر مقدمہ درج کر کے تحقیقات جاری ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button