جرائم و حادثات

اے ٹی ایم سنٹر کے پاس رقم نکالنے اجنبی لوگوں کی مدد نہ لیں ورنہ … حیدرآباد میں ٹولی گرفتار

حیدرآباد: شہر کے مضافاتی علاقوں میں آبادی سے دور واقع اے ٹی ایم مراکز پر معصوم اور بزرگ شہریوں کو نشانہ بنانے والے بین ریاستی ٹولی کا پردہ فاش ہوگیا۔

 

ملزمین خود کو مددگار ظاہر کرتے ہوئے متاثرین کو رقم نکالنے میں تعاون کا جھانسہ دیتے ان کا اے ٹی ایم پن معلوم کر کے اصل کارڈ کی جگہ دوسرا کارڈ تھما دیتے اور بعد میں ان کے کھاتوں سے رقم نکال لیتے تھے۔

 

کشٹاریڈی پیٹ میں ایک شخص کے کھاتے سے 60 ہزار روپے نکالے جانے کے واقعے کے بعد امین پور پولیس نے مقدمہ درج کر کے اے سی پی سرینواس کمار کی نگرانی میں کارروائی کی۔

 

پولیس نے چھ ملزمین کو گرفتار کر لیا جبکہ مزید آٹھ ملزمان فرار ہیں۔تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزمین مختلف گروپوں میں تقسیم ہو کر کم آبادی والے علاقوں کے بینکوں اور اے ٹی ایم مراکز کے باہر کھڑے رہتے تھے۔

 

متاثرین کا پن نمبر معلوم کرنے کے بعد کارڈ تبدیل کر دیتے اور بعد میں مختلف اے ٹی ایمز اور پی او ایس سوائپ مشینوں کے ذریعے لین دین کر کے متاثرین کے کھاتوں سے رقم نکال لیتے تھے۔

 

متاثرین کو خبر ہونے سے پہلے ہی رقم دیگر ریاستوں کے بینک کھاتوں میں منتقل کر دی جاتی تھی۔پولیس نے ملزمین کے قبضے سے 130 اے ٹی ایم کارڈ، دو پی او ایس سوائپ مشینیں، تین آٹو رکشے، پانچ موبائل فون اور 27 ہزار 230 روپے نقد برآمد کیے۔

 

تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ یہ گروہ سائبرآباد کے علاوہ ریاست ہریانہ میں بھی اسی نوعیت کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔سائبرآباد پولیس کمشنر نے کیس کو جلد حل کرنے پر امین پور پولیس ٹیم کی ستائش کی۔

 

پولیس نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ اے ٹی ایم مراکز پر کسی اجنبی کی مدد نہ لیں اپنا پن نمبر کسی سے شیئر نہ کریں اور اپنا اے ٹی ایم کارڈ کسی دوسرے شخص کے حوالے نہ کریں۔

 

اگر کسی اے ٹی ایم کے قریب مشتبہ افراد نظر آئیں تو فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن یا ڈائل 100 پر اطلاع دیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button