اترپردیش کے شاملی ضلع میں محمد فرقان پولیس انکاؤنٹر میں ہلاک
کیرانہ سے ہندو خاندانوں کی نقل مکانی کے ملزم ایک لاکھ کا انعامی بدمعاش پولیس انکاؤنٹر میں ہلاک، ایک کانسٹیبل زخمی
اترپردیش کے ضلع شاملی میں چہارشنبہ کو پولیس نے محمد فرقان نامی شخص کا انکاؤنٹر کردیا جس میں فرقان ہلاک ہوگیا، جبکہ ایک کانسٹیبل گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق محمد فرقان نے پولیس ٹیم کو دیکھتے ہی 9 ایم ایم کاربائن اور پستول سے پانچ سے چھ راؤنڈ فائرنگ کی، جس کے نتیجہ میں کانسٹیبل ہروِندر کے پیٹ میں گولی لگی۔ دیگر تین پولیس ملازمین کی بلٹ پروف جیکٹ پر بھی گولیاں لگیں، جس کی وجہ سے وہ محفوظ رہے۔
پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کی، جس میں محمد فرقان شدید زخمی ہوگیا، جبکہ اس کا ایک ساتھی موقع سے کھیتوں کی طرف فرار ہوگیا۔ زخمی فرقان اور کانسٹیبل کو فوری طور پر ہاسپٹل منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے فرقان کو مردہ قرار دے دیا، جبکہ زخمی کانسٹیبل کو بہتر علاج کے لئے میرٹھ ریفر کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق 50 سالہ محمد فرقان گزشتہ چار برس سے مفرور تھا اور اس پر ایک لاکھ روپے کا انعام مقرر تھا۔ اس کے خلاف قتل، ڈکیتی، بھتہ خوری سمیت تقریباً 30 مقدمات درج تھے۔ بارہ سال قبل اس نے کیرانہ کے مصروف بازار میں تاجر ونود سنگھل کو گولی مار کر قتل کیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فرقان بدنام زمانہ مقیم کالا گینگ کا سرگرم رکن تھا۔ 2016 میں کیرانہ میں تین تاجروں کے قتل کے بعد کئی ہندو خاندانوں کی نقل مکانی ہوئی تھی، اس سلسلے میں فرقان اور مقیم کالا پر بھی الزامات عائد کئے گئے تھے۔
شاملی کے ایس پی این پی سنگھ کے مطابق چہارشنبہ کی دوپہر اطلاع ملی تھی کہ فرقان اپنے ایک ساتھی کے ساتھ رنگانہ گاؤں کے قریب ایک پولٹری فارم پر موجود ہے۔ اطلاع ملتے ہی سوات ٹیم، جھنجھانا اور بابری تھانوں کی پولیس نے علاقے کا محاصرہ کیا۔ پولیس کو دیکھتے ہی فرقان نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس کے بعد جوابی کارروائی میں وہ زخمی ہوگیا۔
پولیس نے فرقان کے قبضہ سے 9 ایم ایم کاربائن، 9 ایم ایم پستول، 20 سے زائد زندہ کارتوس، کئی خالی خول اور بغیر نمبر پلیٹ کی ایک موٹر سائیکل برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس کے مطابق فرقان ایک مقدمہ میں 10 سال قید کی سزا پا چکا تھا، تاہم ہائی کورٹ سے ضمانت پر رہا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق وہ علاقے میں کسی مجرمانہ واردات یا اس کی منصوبہ بندی کے مقصد سے آیا تھا۔




