مارک زکربرگ نے نریندر مودی سے مانگی معافی

حیدرآباد ۔انسٹاگرام پر وزیرِ اعظم نریندر مودی کا ویڈیو غلطی سے ہٹائے جانے کے معاملے پر میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ نے حکومت ہند سے معذرت خواہی کی ہے۔
متعلقہ ذرائع کے مطابق زکربرگ نے ڈیپ فیک مواد کے پھیلاؤ بچوں سے متعلق جنسی استحصال پر مبنی مواد اور پلیٹ فارم کے انتظام میں ہونے والی غلطیوں کو تسلیم کرتے ہوئے معافی مانگی ہے۔آج صبح میٹا کے نمائندوں نے مرکزی حکومت کے ساتھ اہم اجلاس منعقد کیا۔ آئی ٹی سکریٹری ایس کرشنن کی صدارت میں ہونے والے اس اجلاس میں میٹا کی جانب سے چیف گلوبل افیئرس آفیسر جوئل کپلن سمیت کئی اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
تقریباً 45 منٹ تک جاری رہنے والی اس میٹنگ میں وزیرِ اعظم مودی کی "جن زی” آؤٹ ریچ ویڈیو کو ہٹائے جانے کی وجوہات پر میٹا حکام سے وضاحت طلب کی گئی۔ واضح رہے کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی کی ویڈیو کو میٹا کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے کچھ وقت کے لیے ہٹائے جانے کے معاملے میں آئی ٹی امور کی پارلیمانی کمیٹی نے میٹا کو تین دن کا الٹی میٹم جاری کیا تھا۔کمیٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ اس مدت کے اندر میٹا کے سربراہ مارک زکربرگ معذرت خواہی کریں اور اس معاملے کے ذمہ دار ملازمین کے خلاف کارروائی کی جائے۔
کمیٹی نے خبردار کیا تھا کہ اگر میٹا نے ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی نہیں کی تو وہ قانونی تحفظ فراہم کرنے والی شق سے محروم ہو سکتا ہے۔پینل نے کہا کہ 140 کروڑ بھارتی شہریوں کے نمائندہ وزیرِ اعظم مودی کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو کو ہٹانا "جمہوریت پر حملے” کے مترادف ہے۔
طلبہ کے احتجاج کے پس منظر میں وزیرِ اعظم مودی نے انسٹاگرام پر ایک سیلفی ویڈیو شیئر کیا تھا تاہم وزیرِ اعظم کی جانب سے پوسٹ کیا گیا یہ ویڈیو کچھ دیر کے لیے ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر نظر نہیں آیا جس کے بعد وہ دوبارہ دستیاب ہو گیا۔مرکزی حکومت نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیا۔ میٹا نے اس واقعے کو تکنیکی خرابی قرار دیتے ہوئے حکومت ہند سے معذرت کی تاہم وزارتِ الیکٹرانکس و آئی ٹی نے کہا کہ یہ وضاحت کافی نہیں ہے۔حکومتی ذرائع کے مطابق یہ معاملہ صرف تکنیکی مسئلہ نہیں بلکہ قومی سلامتی اور امن و امان سے بھی متعلق ہے۔
اسی پس منظر میں پارلیمانی پینل کے چیئرمین نشیکانت دوبے نے پہلے ہی مطالبہ کیا تھا کہ میٹا کے سربراہ مارک زکربرگ شخصی طور پر معذرت کریں



