ایجوکیشن

ایم ایس آئی اے ایس اکیڈیمی کے 10ویں بیچ کے نتائج کا اعلان، منتخب امیدواروں کو یکم تا 3 ستمبر رپورٹ کرنے کی ہدایت

حیدرآباد، 5 اگست: ایم ایس ا ٓئی اےایس اکیڈیمی کے یو پی ایس سی سیول سرویسس فری کوچنگ کی 10ویں بیچ کے لیے منعقدہ آل انڈیا داخلہ امتحان کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا۔ ملک بھر میں 100 سے زائد مراکز پر منعقدہ تحریری امتحان اور اس کے بعد دہلی و حیدرآباد میں انٹرویوز کی تکمیل کے بعد منتخب امیدواروں کی فہرست کا آج اجراء کیا گیا۔

 

اس موقع پرایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے منیجنگ ڈائریکر جناب انور احمد نے بتایا کہ منتخب امیدواروں کو فون کال، ای میل اور پیغامات کے ذریعے اطلاع دی جا رہی ہے۔ منتخب امیدواروں کو یکم تا 3 ستمبر 2026 کے درمیان اکیڈیمی کے کیمپس واقع حیدرآبادمیں رپورٹ کرنا ہوگا۔ اگر کوئی امیدوار مقررہ مدت میں رپورٹ نہ کرے تو ویٹنگ لسٹ میں شامل امیدواروں کو داخلے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

 

انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل میں سینئر بیوروکریٹس، پروفیسرز اور ماہرین پر مشتمل سلیکشن کمیٹی نے اہم کردار ادا کیا، جس پر وہ تمام اراکین، سینٹر ہیڈز، علماء کرام، ائمہ مساجد، منور زماں صاحب اور دیگر معاونین کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ منتخب طلبہ مستقبل میں IAS، IPS، IRS اور IFS جیسے اعلیٰ عہدوں پر فائز ہو کر ملک و قوم کی خدمت کریں گے۔

 

ایم ایس ایجوکیشن اکیڈمی کے منیجنگ ڈائریکر ڈاکٹر معظم حسین نے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ نو بیچز نے شاندار نتائج دیے ہیں اور دسویں بیچ سے بھی اسی معیار کی توقع ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ رہائشی کوچنگ پروگرام مکمل طور پر مفت ہے اور تمام طلبہ کے لیے مئی 2027 کے UPSC ابتدائی امتحان تک اکیڈیمی میں مسلسل رہنا لازمی ہوگا، تاکہ انہیں مکمل تربیت اور رہنمائی فراہم کی جا سکے۔

 

انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ اس نادر موقع سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں اور ملک و ملت کا نام روشن کریں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button