مبارکباد

سینئر صحافی حافظ محمد فصیح الدین میدک پریس کلب کے نائب صدر مقرر

 

میدک:6اگست(اردو لیکس نیوز) صحافت کے میدان میں اپنی دیانت داری، غیر جانبدارانہ رپورٹنگ اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کے حوالے سے نمایاں خدمات انجام دینے والے سینئر صحافی حافظ محمد فصیح الدین کو میدک پریس کلب کا نائب صدر مقرر کیا گیا ہے۔ ان کی تقرری پر ضلع بھر کے صحافیوں، سماجی کارکنوں، عوامی نمائندوں، مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے ذمہ داران اور معزز شہریوں نے دلی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔

 

حافظ محمد فصیح الدین، حیدرآباد سے شائع ہونے والے معتبر اردو روزنامہ "منصف” کے میدک ضلع کے نمائندہ ہیں۔ اس کے ساتھ ہی وہ ضلع کی معروف ڈیجیٹل نیوز پلیٹ فارم "میدک فاسٹ نیوز” کے بانی و ایڈمن بھی ہیں، جہاں وہ عوامی مسائل، سرکاری سرگرمیوں، سماجی خدمات، تعلیمی، سیاسی اور عوامی فلاحی خبروں کو بروقت اور غیر جانبدارانہ انداز میں عوام تک پہنچا رہے ہیں۔ صحافتی میدان میں ان کی خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا رہا ہے۔

 

حافظ محمد فصیح الدین، جناب محمد ظہیر الدین کے فرزند ہیں، جبکہ وارڈ نمبر 11 کے کونسلر محمد سمیع الدین کے چھوٹے بھائی ہیں۔ انہوں نے اپنی محنت، لگن، دیانت داری اور عوامی خدمت کے جذبے سے صحافت میں ایک منفرد مقام حاصل کیا ہے، جس کے اعتراف میں انہیں میدک پریس کلب کی اس اہم ذمہ داری کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

 

اپنی تقرری کے بعد اظہارِ خیال کرتے ہوئے حافظ محمد فصیح الدین نے میدک ضلع کی پوری صحافی برادری کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ عہدہ ان کے لیے اعزاز کے ساتھ ساتھ ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے، جسے وہ پوری ایمانداری، اخلاص اور فرض شناسی کے ساتھ نبھانے کی کوشش کریں گے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ وہ صحافیوں کے حقوق کے تحفظ، ان کی فلاح و بہبود، پیشہ ورانہ ترقی، صحافتی آزادی کے فروغ اور صحافی برادری کے درمیان اتحاد و یکجہتی کو مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ میدک پریس کلب کو مزید فعال، مضبوط اور باوقار ادارہ بنانے کے لیے تمام صحافیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے اور ہر مثبت اقدام میں بھرپور تعاون کریں گے۔

 

اس موقع پر مختلف صحافتی، سماجی، سیاسی اور عوامی شخصیات نے حافظ محمد فصیح الدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں میدک پریس کلب مزید ترقی کرے گا، صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے اور ذمہ دارانہ، غیر جانبدارانہ اور عوام دوست صحافت کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔

 

انہوں نے ان کی آئندہ ذمہ داریوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں صحت، کامیابی اور استقامت عطا فرمائے اور انہیں صحافی برادری اور عوام کی بہتر خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔آمین۔رابطہ نمبر صحافی حافظ محمد فصیح الدین میدک 9000214611

متعلقہ خبریں

Back to top button