یو پی آئی ادائیگیوں پر چارجس – لوک سبھا نے بل منظور کر لیا

نئی دہلی : لوک سبھا نے ایک ایسے بل کو منظوری دے دی ہے جس کے تحت یو پی آئی (UPI) سمیت بعض ڈیجیٹل ادائیگی کے طریقوں پر مستقبل میں چارجز عائد کرنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے
۔ یہ بل پیمنٹ اینڈ سیٹلمنٹ سسٹمز ایکٹ، 2007 میں ترمیم سے متعلق ہے، جس کے ذریعہ بینکوں اور ادائیگی خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کو بعض الیکٹرانک ادائیگی کے طریقوں پر فیس وصول کرنے کا اختیار دیا جا سکے گا۔
منظور شدہ ترمیمی بل کے مطابق، مرکزی حکومت جن الیکٹرانک ادائیگی کے طریقوں کو نوٹیفائی کرے گی، ان پر بینک اور پیمنٹ سروس فراہم کرنے والے ادارے چارجز وصول کر سکیں گے۔ حکومت نے موجودہ نظام میں تبدیلی کی تجویز دی ہے، جس کے تحت اب تک الیکٹرانک ادائیگیوں پر مرچنٹ ڈسکاؤنٹ ریٹ (MDR) وصول نہیں کیا جاتا تھا۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اس ترمیم کا مقصد ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام کو چلانے والے بینکوں، پیمنٹ سروس فراہم کرنے والوں اور بنیادی ڈھانچے سے وابستہ اداروں کے لئے مستقل آمدنی کا ذریعہ پیدا کرنا ہے۔ اطلاعات کے مطابق صارفین اور چھوٹے تاجروں پر زیادہ بوجھ ڈالے بغیر معمولی فیس عائد کرنے کے امکان پر غور کیا جا رہا ہے۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ لوک سبھا نے اس بل کو بغیر کسی بحث کے منظور کر لیا۔ فی الحال UPI سمیت ڈیجیٹل ادائیگی کے طریقوں پر کوئی چارج نہیں لیا جاتا، تاہم مجوزہ قانون نافذ ہونے کے بعد مرکزی حکومت نوٹیفکیشن کے ذریعے بعض الیکٹرانک ادائیگی کے طریقوں پر چارجس عائد کر سکے گی۔



