12 اگست کو مکمل سورج گرہن، یہ احتیاطی تدابیر ضرور جان لیں

12 اگست 2026 کو ایک نایاب فلکیاتی منظر، مکمل سورج گرہن، رونما ہوگا، جس کا دنیا بھر کے ماہرینِ فلکیات اور شوقین افراد بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ اگرچہ یہ شاندار منظر دنیا کے کئی ممالک میں دیکھا جا سکے گا، لیکن ہندوستان میں نظر نہیں آئے گا۔ ماہرین نے گرہن دیکھنے والوں کو آنکھوں کی حفاظت کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
یہ مکمل سورج گرہن گرین لینڈ، آئس لینڈ، شمالی روس، بحرِ اوقیانوس، اسپین اور پرتگال کے بعض علاقوں میں مکمل طور پر نظر آئے گا، جبکہ شمالی نصف کرے کے کئی علاقوں، کینیڈا، شمالی امریکہ، یورپ اور شمال مغربی افریقہ میں جزوی سورج گرہن دیکھا جا سکے گا۔
مکمل سورج گرہن کیا ہوتا ہے؟
جب چاند، زمین اور سورج کے درمیان آ کر سورج کو مکمل طور پر ڈھانپ لیتا ہے تو اسے مکمل سورج گرہن کہا جاتا ہے۔ اس دوران دن کے وقت بھی اندھیرا چھا جاتا ہے، درجۂ حرارت میں کمی آتی ہے اور بعض اوقات ستارے اور سیارے بھی نظر آنے لگتے ہیں۔ مکمل گرہن کے دوران سورج کی بیرونی تہہ، جسے "کورونا” کہا جاتا ہے، بھی دیکھی جا سکتی ہے، جو عام حالات میں سورج کی تیز روشنی کی وجہ سے نظر نہیں آتی۔
احتیاطی تدابیر
ماہرین کے مطابق سورج گرہن دیکھنے کے لیے عام دھوپ کے چشمے ہرگز استعمال نہ کریں، کیونکہ وہ سورج کی نقصان دہ شعاعوں سے مکمل حفاظت نہیں کرتے۔ صرف ISO 12312-2 معیار کے خصوصی سولر چشمے یا سولر ویور استعمال کریں۔ اگر چشموں پر خراشیں یا دراڑیں ہوں تو انہیں فوراً تبدیل کر دیں۔
گرہن کے جزوی مرحلے میں خصوصی چشمے ضرور پہنے رکھیں۔ صرف اس مختصر وقت میں، جب چاند سورج کو مکمل طور پر ڈھانپ لے، چشمے اتارے جا سکتے ہیں۔ جیسے ہی سورج دوبارہ نظر آنا شروع ہو، فوراً چشمے دوبارہ پہن لیں۔
فلٹر کے بغیر کیمرہ، دوربین یا ٹیلی اسکوپ سے سورج کو ہرگز نہ دیکھیں، کیونکہ اس سے آنکھوں کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔
اگر خصوصی سولر چشمے دستیاب نہ ہوں تو پن ہول پروجیکٹر، جالی یا دیگر بالواسطہ طریقوں سے گرہن کا مشاہدہ کریں۔ سورج کو براہِ راست دیکھنے کے بجائے زمین پر پڑنے والے سائے کو دیکھنا زیادہ محفوظ ہے۔ اگر زیادہ دیر دھوپ میں رہنا پڑے تو سن اسکرین کا استعمال بھی مفید ہے۔
کیا ہندوستان میں سورج گرہن نظر آئے گا؟
12 اگست 2026 کا مکمل سورج گرہن ہندوستان میں نظر نہیں آئے گا۔ ہندوستانی وقت کے مطابق یہ گرہن 12 اگست رات تقریباً 9:45 بجے شروع ہو کر 13 اگست کی صبح تقریباً 2:15 بجے تک جاری رہے گا۔ اس دوران ہندوستان میں سورج غروب ہو چکا ہوگا، اس لئے لیے یہاں سے اس نایاب فلکیاتی منظر کا مشاہدہ ممکن نہیں ہوگا۔




