تلنگانہ

اگر ہمیں کچھ ہوا تو والد ذمہ دار ہوں گے — تلنگانہ کے رکن اسمبلی پرکاش گوڑ کے بیٹے کا سنسنی خیز الزام

حیدراباد – تلنگانہ کے حلقہ اسمبلی راجندر نگر کے رکن اسمبلی پرکاش گوڑ کے بیٹے سنتوش گوڑ نے اپنے والد پر سنسنی خیز الزامات عائد کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ جس لڑکی سے محبت کرتے ہیں،

 

اس سے شادی کرنے میں ان کے والد رکاوٹ بن رہے ہیں۔ سنتوش گوڑ کا کہنا ہے کہ ان کی اور ان کی ہونے والی اہلیہ کے خاندان کی جان کو خطرہ ہے، اور اگر انہیں یا ان کے سسرال والوں کو کچھ بھی ہوا تو اس کے ذمہ دار ان کے والد پرکاش گوڑ ہوں گے۔

 

سنتوش گوڑ نے بتایا کہ وہ منی کونڈہ کی بی آر ایس رہنما روپا ریڈی کی بیٹی سے محبت کرتے ہیں۔ ابتدا میں دونوں خاندان اس شادی کے لیے تیار نہیں تھے، لیکن بعد میں انہیں اپنی پسند سے شادی کرنے کی اجازت دے دی گئی، جس کے بعد گزشتہ ماہ دونوں کی منگنی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ تب سے وہ روپا ریڈی کے گھر میں رہ رہے ہیں۔

 

انہوں نے الزام لگایا کہ منصوبہ بندی کے تحت تقریباً 40 افراد سے ان کے ہونے والے سسرال کے گھر پر حملہ کرایا گیا، جس کے پیچھے ان کے والد کا ہاتھ ہے۔ سنتوش گوڑ نے کہا کہ حملے کی اطلاع پولیس کو دی گئی، مگر پولیس نے شکایت کو سنجیدگی سے نہیں لیا۔ ان کا مزید الزام ہے کہ نارسنگی پولیس سیاسی دباؤ میں آکر ان کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کر رہی ہے۔

 

سنتوش گوڑ نے کہا کہ میڈیا کے سامنے آنے کے بعد ان کی جان کو مزید خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔ ایم ایل اے کے بیٹے کا یہ محبت اور شادی کا معاملہ اب سیاسی حلقوں میں موضوعِ بحث بن گیا ہے۔

Oplus_131072

متعلقہ خبریں

Back to top button