Uncategorizedنیشنل

بنگلورو میں حذف کیے گئے 65 لاکھ ووٹوں میں میرا ووٹ بھی شامل : پرکاش راج

بنگلورو: فلم اداکار اور سیاسی لیڈر پرکاش راج نے دعویٰ کیا ہے کہ خصوصی جامع نظرثانی کے بعد بنگلورو حلقے میں حذف کیے گئے 65 لاکھ ووٹوں میں ان کا ووٹ بھی شامل ہے۔

 

انہوں نے اس معاملے پر سوشل میڈیا پر ایک سیلفی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اپنے ردعمل کا اظہار کیا۔پرکاش راج نے ویڈیو میں کہا ’’ایس آئی آر کے بعد بنگلورو حلقے میں حذف کیے گئے 65 لاکھ ووٹوں میں میرا ووٹ بھی شامل ہے۔ یہ بات انتہائی مضحکہ خیز لگتی ہے۔

 

میں اسی حلقے میں پیدا ہوا، یہیں رہا اور اپنی پوری تعلیم بھی یہیں مکمل کی۔ میں نے اداکاری کی تربیت بھی یہیں حاصل کی۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ میں نے اسی حلقے سے لوک سبھا امیدوار کے طور پر بھی الیکشن لڑا تھا، اس کے باوجود میرا ووٹ حذف کردیا گیا۔‘‘

 

انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اب دوبارہ ووٹر کارڈ حاصل کرنے کے لیے ان سے کون کون سے دستاویزات مانگے جائیں گے یہ دیکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر چیز کے لیے تیار ہیں۔پرکاش راج نے مزید کہا ’’آپ کو شاید یہ اختیار حاصل ہو کہ جو لوگ آپ کو ووٹ نہیں دیتے، ان کے نام ووٹر لسٹ سے حذف کردیں لیکن کیا آپ ہمیں اس وقت روک سکتے ہیں جب ہم آپ کو اقتدار سے ہٹانے کا فیصلہ کریں؟‘‘

 

انہوں نے اپنے بیان کے آخر میں ’’گیم آن‘‘ بھی کہا۔ پرکاش راج کے خلاف حال ہی میں بنگلورو میں ایک مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ ان کے پاس کرناٹک، تمل ناڈو اور تلنگانہ سمیت چار ریاستوں میں ووٹر کارڈز موجود ہیں۔

 

نوٹس کا جواب نہ دینے پر ان کے خلاف ناقابلِ ضمانت وارنٹ بھی جاری کیا گیا تھا۔ اس معاملے میں پرکاش راج جولائی میں بنگلورو کی عدالت میں پیش ہوئے تھے۔ دلائل سننے کے بعد عدالت نے انہیں ضمانت دے دی تھی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button