نیشنل

واٹر پلانٹ میں کلورین گیس کا اخراج 50 تا 60 متاثر۔ مہاراشٹرا میں واقعہ

ممبئی: ریاست مہاراشٹرا ناگپور ضلع میں واقع ایک واٹر پیوریفیکیشن پلانٹ میں پیر کی صبح سویرے کلورین گیس کے اخراج کے باعث پلانٹ کے عملے اور قریبی رہائشیوں سمیت تقریباً 50 سے 60 افراد کی طبعیت بگڑ گئی جنہیں ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔

 

حکام کے مطابق فاگو پاٹل لے آؤٹ اور ناگ مندر ٹیکڑی کے قریب گودھانی نگر پنچایت کے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ میں موجود 900 کلوگرام کلورین گیس کے سلنڈر سے رات تقریباً ایک بجے گیس کا اخراج شروع ہوا۔ گیس تیزی سے قریبی رہائشی علاقوں میں پھیل گئی جس کے باعث مقامی افراد کو شدید کھانسی اور سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

 

اس واقعے میں پلانٹ کے 8 سے 10 ملازمین اور تقریباً 50 مقامی افراد شدید متاثر ہوئے۔ پولیس کے مطابق اس وقت تقریباً 60 متاثرین کا اسپارش اور میو اسپتالوں میں علاج جاری ہے۔

 

اطلاع ملتے ہی پولیس، فائر بریگیڈ اور نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ این ڈی آر ایف اہلکار پلانٹ کے اندر داخل ہوئے اور گیس کے اخراج کو قابو میں کرنے کی کوششیں شروع کیں۔

 

صبح تقریباً 5:30 بجے گیس کا اخراج کم ہونے کے بعد این ڈی آر ایف، فائر بریگیڈ اور اورنج سٹی واٹر ورکس کے ملازمین کی مدد سے کلورین گیس کے سلنڈر کو کاسٹک سوڈا ملے پانی کے ٹینک میں رکھ دیا گیا۔

 

احتیاطی اقدام کے طور پر پولیس نے مقامی لوگوں کو ہدایت دی کہ وہ صبح 11 بجے تک پلانٹ سے کم از کم 200 میٹر دور رہیں۔حکام نے واضح کیا ہے کہ فی الحال صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button