جرائم و حادثات
جشن میلاد النبیؐ کے پیش نظر سجاوٹ، الکٹرک شاک سے حیدرآباد میں نوجوان جاں بحق

حیدرآباد: حیدرآباد کے علاقہ نامپلی میں میلاد النبیؐ کے موقع پر برقی قمقمے لگاتے ہوئے ایک شخص الکٹرک شاک کے نتیجہ میں جاں بحق ہوگیا۔
یہ واقعہ بازار گھاٹ ایکس روڈ پر پیش آیا جہاں فیل خانہ، ملے پلی کے سید معراج برقی قمقمے لگا رہے تھے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق برقی تاریں نصب کرنے کی غرض سے وہ سیڑھی کے ذریعے برقی کے کھمبے پر چڑھے تھے
کہ اسی دوران انہیں برقی کا شدید جھٹکا لگا اور وہ سیڑھی سے نیچے گر گئے جس کے نتیجے میں انہیں متعدد چوٹیں آئیں۔ مقامی افراد نے معراج کو عثمانیہ جنرل اسپتال منتقل کیا جہاں دورانِ علاج ان کی موت ہوگئی۔
نامپلی پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ یہ واقعہ کل رات پیش آیا۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔


