آن لائن شکایات کا نظام سرکاری اسکولوں کیلئے بھی شروع کیا جائے۔خانگی اسکولوں کے ساتھ امتیاز کیوں۔ ٹریسما قائدین کا حکومت سے سوال

حیدرآباد۔23اگست (پریس نوٹ) تلنگانہ ریکگنائزڈ اسکول مینجمنٹس اسوسی ایشن (TRSMA) نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ خانگی اسکولوں کے بارے میں شکایات پر نگرانی کے نظام پر نظر ثانی کرے اور خانگی اور سرکاری دونوں اسکولس سے متعلق شکایات کی یکسوئی کے لئے ایک مشترکہ شفاف اور یکساں میکانزم شروع کرے۔
تنظیم کے ریاستی صدر ایس مدھو سدن، جنرل سکریٹری این رمیش راو، اور خازن پی رگھویندر ریڈی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم، احتساب اور شکایات کی یکسوئی کے معاملہ میں کوئی امتیاز نہیں برتا جانا چاہئے۔ ٹریسما قائدین نے کہا کہ حکومت اور خانگی اسکولس تلنگانہ کے بچوں کو تعلیم فراہم کرنے کے معاملہ میں شراکت دار ہیں۔ احتساب اور شفافیت ضروری ہے لیکن ان پر کسی امتیاز کے بغیر منصفانہ طریقہ سے اور یکساں طور پر عمل ہونا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ خانگی اسکولس کے بارے میں شکایات کے لئے فراہم کردہ ویب سائٹ کے غلط استعمال کو روکنے کے لئے مناسب حفاظتی اقدامات کرنے چاہئے۔ ٹریسما نے کہا کہ اسکولوں کو شکایات کا جواب دینے کے لئے منصفانہ موقع فراہم کرنا چاہئے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایم ای اوز اور ڈی ای اوز / ڈپٹی آئی اوز اور ڈ ای اوز کے ذریعہ شکایات کی یکسوئی کے مروجہ نظام کو مستحکم کیا جائے۔
انہوں نے آن لائن شکایات کے نظام کو سرکاری اسکولوں تک بھی وسعت دینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ خانگی اور سرکاری اسکولوں میں کوئی امتیاز نہیں برتا جانا چاہئے۔ ٹریسما قائدین نے کہا کہ وہ شفایت اور احتساب اور جائز شکایات کی یکسوئی کے خلاف نہیں ہیں بلکہ صرف ایک حقیقی ازالہ شکایات نظامج چاہتے ہیں اور امتیاز کی مخالفت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہر سرپرست اور ہر طالب علم کو شکایات کی یکسوئی تک یکساں رسائی ہونی چاہئے چاہے بچہ سرکاری اسکول میں زیر تعلیم اور یا خانگی اسکول میں
انہوں نے سوال کیا کہ اگر آن لائن پورٹل سرپرستوں اور طلبا کے لئے فائدہ مند ہے تو کیوں اس سہولت کو صرف خانگی اسکولس تک محدو رکھا جارہا ہے۔ سرکاری اسکولوں کے طلبا اور والدین کو بھی تعلیم، انفراسٹرکچر، صفائی ستھرائی، اساتذہ کی دستیابی، طلبا کی سلامتی، سہولیات، انتظامیہ اور دیگر امور کے بارے میں تشویش ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریسما سرکاری اور خانگی اسکولوں کے درمیان امتیاز کو تعلیمی اداروں کے ساتھ یکساں سلوک کے اصول کے مغائر سمجھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکولس اور مسلمہ خانگی اسکولس ریاست کے تعلیمی نظام کا لازمی حصہ ہے۔ حکومت تلنگانہ کے محکمہ تعلیمات نے 20اگست کو آن لائن پرائیویٹ اسکول کمپلینٹ مانیٹرنگ سسٹم کا اعلان کیا تھا۔



