انٹر نیشنل

کچرے کا ڈھیر گرنے سے 30 افراد ہلاک، 6 زخمی

 

کوناکری: مغربی افریقہ کے ملک گنی کے دارالحکومت کوناکری میں شدید بارش کے باعث کچرے کا ایک بڑا ڈھیر اچانک منہدم ہوکر قریبی جھونپڑیوں پر جاگرا، جس کے نتیجے میں کم از کم 30 افراد ہلاک اور 6 دیگر شدید زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد علاقے میں بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔

 

حکام کے مطابق یہ المناک واقعہ اتوار کی علی الصلیٰ صبح تقریباً 2 بجے پیش آیا، جب مسلسل بارش کے باعث کچرے کا بھاری ڈھیر اپنی جگہ سے کھسک گیا اور قریب موجود جھونپڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ حادثے کے وقت بیشتر افراد اپنے گھروں میں سو رہے تھے، جس کے باعث انہیں سنبھلنے کا موقع نہیں مل سکا۔

 

واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارکن، پولیس اور مقامی حکام جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور ملبے تلے دبے افراد کی تلاش شروع کردی۔ حکام کو خدشہ ہے کہ ملبے کے نیچے مزید افراد پھنسے ہوسکتے ہیں، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

 

حکام نے بتایا کہ متاثرہ ڈمپنگ یارڈ کے خطرناک ہونے کے پیش نظر پہلے ہی اسے بند کرنے اور اطراف میں رہنے والے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت دی گئی تھی۔ تاہم، تمام افراد کے انخلا سے قبل ہی شدید بارش کے باعث کچرے کا ڈھیر اچانک گر گیا اور یہ تباہ کن حادثہ پیش آیا۔

 

مقامی انتظامیہ نے علاقے کو خطرناک قرار دیتے ہوئے امدادی کارروائیوں کے دوران مزید حادثات سے بچنے کے لیے احتیاطی اقدامات بھی شروع کردیئے ہیں۔ شدید بارش اور ملبے کی صورتحال کے باعث ریسکیو ٹیموں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

 

حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور یہ بھی جائزہ لیا جائے گا کہ ڈمپنگ یارڈ کو بند کرنے اور مکینوں کے انخلا کے احکامات پر کس حد تک عمل درآمد ہوا تھا۔ حادثے نے گنی میں کچرے کو ٹھکانے لگانے کے نظام اور شہری آبادی کے قریب غیر محفوظ ڈمپنگ یارڈز کے حوالے سے ایک بار پھر سنگین سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button