جنرل نیوز

آئی ویژن یوتھ پارلیمنٹ کے گرینڈ فائنل میں سائنا نہوال کی شرکت

حیدرآباد/ اولمپک بیڈمنٹن میڈلسٹ اور پدم بھوشن ایوارڈ یافتہ سائنا نہوال نے آئی ویژن یوتھ پارلیمنٹ کے تیسرے ایڈیشن کے اختتامی دن بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔

 

اس موقع پر انہوں نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ایک متاثر کن پیغام دیا۔ سائنا نہوال نے کہا کہ کوئی بھی کام ناممکن نہیں ہوتا اور انسان کو اپنی غلطیوں سے سیکھتے ہوئے مسلسل خود کو بہتر بنانے کی کوشش کرنی چاہیے۔

 

یوتھ پارلیمنٹ کا دو روزہ گرینڈ فائنل 23 اور 24 نومبر کو یوسف گوڑہ کے شوریہ کنونشن سنٹر میں منعقد ہوا، جس میں تلنگانہ کے 27 اسکولوں کے 400 سے زائد طلبہ نے حصہ لیا۔

 

فرضی پارلیمانی اجلاسوں، مباحثوں اور کمیٹیوں کی بات چیت کے ذریعے طلبہ نے عصری مسائل کا جائزہ لیا مختلف نقطہ نظر کو سمجھا اور مشترکہ طور پر مسائل کے حل پیش کرنے کی کوشش کی۔

 

اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو جمہوری نظام میں بحث و مباحثے اور فیصلہ سازی کے عملی طریقۂ کار سے واقف کروانے کے ساتھ ان میں اظہار خیال، دوسروں کی بات سننے اور قیادت کرنے کا اعتماد پیدا کرنا ہے۔

 

پروگرام میں تمام طلبہ اور اسکولوں کے لیے شرکت مفت رکھی گئی تھی، تاکہ مختلف تعلیمی اور معاشی پس منظر سے تعلق رکھنے والے بچوں کو یکساں مواقع فراہم کیے جاسکیں۔

 

اس پروگرام کا اہتمام ’بلڈ اے بیٹر فیوچر‘ نے کیا جس کی سکریٹری انجلی گپتا ہیں۔ اس سلسلے میں انکور گپتا کی قیادت میں کام کرنے والے ادارے ’اکشنا مارکیٹنگ‘ نے تعاون کیا جبکہ اسٹیٹ بینک آف انڈیا نے پروگرام کو اسپانسر کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button