جنرل نیوز

کریم نگر میں مولانا آزاد ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام تقریب تقسیم انعامات و اسناد

کسی بھی قوم کی ترقی تعلیمی ترقی پر منحصر ہے کریم نگر میں مولانا آزاد ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام تقریب تقسیم انعامات و اسناد سے ڈاکٹر محمد ناظم علی، ریاض علی رضوی اور مصطفیٰ علی انصاری کا خطاب۔ گلف ہائی اسکول اردو میڈیم کی ہونہار طالبہ ثناء ترنم اردو تقریری مقابلوں میں انعام اول

کریم نگر:24 نومبر (عالم الدین) امام الہند بھارت رتن مولانا ابوالکلام آزاد کی ملک کیلئے خدمات عوام بالخصوص مسلمانوں کیلئے مشعل راہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر محمد ناظم علی ریٹائرڈ پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج و سینیٹ رکن تلنگانہ یونیورسٹی نے مولانا آزاد ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کریم نگر کے زیر اہتمام شالیمار فنکشن ہال میں منعقدہ تقریب تقسیم انعامات و اسناد کو مخاطب کرنے کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قوم کی ترقی تعلیم اور علم کے بغیر ناممکن ہے۔ڈاکٹر ناظم علی نے کہا کہ مولانا آزاد کا یہ خواب تھا کہ مسلمان بھی دیگر ابنائے وطن کے ساتھ ساتھ شانہ بشانہ زندگی کے مختلف شعبہ حیات میں آگے بڑھتے ہوئے ترقی حاصل کرتے ہوئے ملک اور قوم کی خدمت کریں۔انہوں نےکہا کہ ہم اگر 19ویں صدی کا جائزہ لیں تو پتہ چلتا ہے کہ ہمارے اسلاف نے اسوقت علمی، تعلیمی، سیاسی، سماجی ، معاشی سطح پر کیسے ترقی حاصل کی تھی اور سیاست میں عالمی سطح پر انور سعادات، کٹو، عیدی امین، یاسر عرفات ، صدام حسین نے کس طریقہ سے اہم رول ادا کیا تھا۔ڈاکٹر ناظم علی نے 20ویں صدی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسوقت مولانا محمد علی جوہر، مولانا شوکت علی ، حسرت موہانی اور مولانا ابوالکلام آزاد نے تعلیم اور علم کی ترقی کے زریعہ ہی ملک اور قوم کی خدمت کی تھی۔لیکن اب عالمی یا قومی سطح پر ہمارا تھنک ٹینک صفر ہے۔جس پر ہم کو غور وفکر کرنے کی ضرورت ہے۔ ریاض علی رضوی صدر مولانا آزاد ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کریم نگر نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا ابوالکلام آزاد کو جید عالم دین، بےباک صحافی ، ادیب ، انشاءپرداز ، شاعر مدبر سیاستدان, قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنھوں نے ملک کی جدو جہد آزادی میں اہم رول ادا کرتے ہوئے ملک اور قوم کی زبردست خدمت انجام دی ہے۔ مولانا آزاد نے اپنے علم اور قلم کی طاقت سے اپنی بےباک صحافت کے زریعہ ملک کے عوام اور بالخصوص مسلمانوں میں ملک کی آزادی کا ایسا جوش و جذبہ پیدا کیا کہ انگریزی حکومت کے ایوان و اقتدار میں زلزلہ پیدا کیا اور بالآخر انگریزوں نے انکے اخبار الہلال اور البلاغ کو بند کردیا تھا اور بعد میں انگریزوں کو ملک چھوڑ کر جانا پڑا۔ ملک آزاد ہوا اور مولانا آزاد ملک کے پہلے وزیر تعلیم کی حیثیت سے 11سال تک ملک کی خدمت کی اور ہندوستان کے تعلیمی نظام کو سیکولر ڈھانچہ میں ڈھال کر نہ صرف منظم و مستحکم بنایا بلکہ ملک میں تعلیمی اداروں کا جال بچھادیا جن میں قابل ذکر یو جی سی، آئی آئی ٹی کھڑکپور، اسرو اور دیگر فنی و تہذیبی اداروں کا قیام شامل ہے۔ ریاض علی رضوی نے کہا کہ مولانا آزاد سوسائٹی کریم نگر کا قیام سال 2009 میں عمل میں لایا گیا تاکہ نئی نسل کو مولانا آزاد کی تعلیمات اور ملک کیلئے ان کی گراں قدر خدمات سے روشناس کیا جاسکے۔ یہی وہ وجہہ کے کہ ہر سال 11/نومبر کو مولانا ابوالکلام آزاد کی یوم پیدائش کے ضمن میں اردو، تلگو، انگریزی میڈیم میں منعقدہ تحریری ، تقریری ، کوئیز مقابلے جات منعقد کئے جاتے ہیں اور کامیاب طلباء و طالبات میں انعامات و توصیفی اسنادات کی تقسیم عمل میں لاتے ہوئے حوصلہ افزائی کی جاتی ہے اور ان کے اندر پوشیدہ صلاحیتوں کو ابھارا جاتا ہے۔ ریاض علی رضوی صدر مولانا ابوالکلام آزاد ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کریم نگر نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ مولانا آزاد کے کارہائے نمایاں خدمات کو اپنی نئی نسل سے واقف کروائیں تاکہ وہ بھی آگے چل کر ملک اور قوم کی خدمت کرسکیں یہی مولانا آزاد سوسائٹی کا مشن ہے اور صحیح معنوں میں خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔ جنا ب مصطفی علی انصاری صدر تلنگانہ مسلم گرائجویٹس ایسوسی ایشن نے مخاطب کرتے ہوئے مولانا آزاد کو ایک سچے محب وطن اور عظیم قائد قرار دیتے ہوئے مولانا آزاد ایجوکیشنل اینڈ ویلفئیر سوسائٹی کریم نگر کی کارکردگی کی سراہنا کرتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مولانا آزاد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک اور قوم کی خدمت کریں۔ محمد جلال الدین اکبر ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفئیر آفیسر کریم نگر نے مخاطب کرتے ہوئے مولانا آزاد کو ایک عظیم قائد قرار دیا جنھوں نے ہندوستان کی آزادی میں اہم رول ادا کیا تھا۔ جلال الدین اکبر ڈی ایم ڈبلیو نے ریاستی حکومت کی جانب سے روبہ ء عمل لائی جانی والی مختلف اسکیمات کا تذکرہ کرتے ہوئے مسلمانوں پرزور دیا کہ وہ ان اسکیمات سے استفادہ کریں۔جس کے لئے وہ ہر ممکنہ طور پر اپنا تعاون پیش کریں گے۔ اس موقعہ پر گلف ہائی اسکول اردو میڈیم کی دسویں جماعت کی طالبہ ثناء ترنم اردو میڈیم کے تقریری مقابلے میں انعام اول حاصل کیا واضح رہے کہ مولانا آزاد ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کریم نگر کے زیر اہتمام تحریر اور تقریری مقابلوں میں گلف ہائی اسکول اردو و انگریزی میڈیم کے طالبات نے جملہ 5 انعامات حاصل کیے جبکہ نواب ہائی اسکول کی طالبہ زینب مبشر نے انگریزی میڈیم کے مقابلے میں اور ڈائیٹ اردو میڈیم کی طالبہ نے زبان تلگو تقریری مقابلوں میں حصہ لیکر پہلا انعام حاصل کیا مہمانوں اور سامعین کو حیران کردیا۔ اس موقع پر تمام کامیاب طلباء میں ڈاکٹر ناظم علی ، ریاض علی رضوی ،جلال الدین اکبر ،مصطفیٰ علی انصاری،اشتیاق احمد، محمد سرور خان، نثار احمد پروانہ، محمد اکرم علی، فیاض علی رضوی محمد عبدالمقتدر مکرم، بشیر الدین حیدر، شفیق احمد اطہر، سعادت علی صدیقی کے ہاتھوں سے انعامات و سرٹیفیکٹ تقسیم کئے گئے۔ مسعود علی اکبر جنرل سیکریٹری مولانا آزاد سوسائٹی کریم نگر نے احسن انداز میں کاروائی چلائی اور تعلیم پر اپنے مخصوص ترنم میں کلام پیش کیا۔ شفیق احمد اطہر سینئیر جرنلسٹ نے اظہار تشکر پیش کیا۔ بشیر الدین حیدر ، سید اشتیاق احمد نائب صدور مولانا آزاد سوسائٹی کریم نگر، محمد عبدالمقتدر مکرم خازن، آرگنائزنگ سیکریٹری محمد فیاض علی رضوی، سیکریٹری شعبہ نشرو اشاعت محمد اکرم علی، جوائنٹ سیکریٹری میر شوکت علی، سعادت علی صدیقی جرنلسٹ نے مہمانوں کا استقبال کیا۔اولیاءے طلباء و سامعین کی کثیر تعداد اس پروگرام میں شریک تھی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button