جنرل نیوز

اردو صحافیوں کے اتحاد و استحکام کی جانب اہم قدم۔ 3 ستمبر کو نرمل میں تین اضلاع کے ورکنگ جرنلسٹس کا عظیم الشان اجلاس 

نرمل، 2/ستمبر ( اردو لیکس)    تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن، (TUWJF) ضلع نرمل کی میزبانی میں فیڈریشن سے وابستہ تین اضلاع نرمل، نظام آباد اور عادل آباد کے اردو ورکنگ جرنلسٹس کا ایک اہم اجلاس 3 ستمبر 2026ء کو 11 بجے دن ، نرمل ضلع خانہ پور مستقر کے اے۔ایم۔کے۔ فنکشن ہال میں منعقد ہوگا۔

 

اجلاس کی صدارت فیڈریشن کے ریاستی صدر اور قائدِ بے بدل، محترم ایم۔اے۔ ماجد صاحب سابق رکن ، پریس کونسل آف انڈیا کریں گے، جبکہ فیڈریشن کے حرکیاتی ریاستی جنرل سیکریٹری محترم غوث محی الدین صاحب مہمانِ خصوصی اور دیگر ریاستی قائدین مہمانانِ اعزازی کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔

 

اجلاس میں ضلع نظام آباد سے جناب اشفاق احمد خان المعروف پاپا خان کی قیادت میں اور ضلع عادل آباد سے جناب شاہد احمد توکل کی قیادت میں فیڈریشن سے وابستہ اردو ورکنگ جرنلسٹس کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔اس اہم اجلاس کا بنیادی مقصد تینوں اضلاع کے اردو صحافیوں کو ایک مضبوط پلیٹ فارم پر متحد کرنا، انہیں درپیش مسائل و مشکلات سے واقفیت حاصل کرنا، باہمی مشاورت کے ذریعے ان کے مناسب حل کی راہیں تلاش کرنا اور ریاستی قیادت کے منشاء و ہدایات کے مطابق اضلاع میں فیڈریشن کو مزید مضبوط و مستحکم بنانا ہے۔

 

اجلاس کے پروگرام کا آغاز مہمانوں کے پرتپاک استقبال سے ہوگا، جس کے بعد خطبۂ استقبالیہ پیش کیا جائے گا۔ ریاستی قائدین اور مختلف اضلاع کے ذمہ داران خطاب کریں گے، جبکہ تہنیتی پروگرام کے بعد شرکاء کے لیے ظہرانہ کا بھی انتظام رہے گا۔ بعد ازاں ریاستی صدر ایم۔اے۔ ماجد صاحب کی اجازت سے تینوں اضلاع کے اردو صحافیوں کو درپیش مسائل پر ریاستی ذمہ داران کی موجودگی میں تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔

 

فیڈریشن ضلع نرمل کے صدر ایم۔اے۔ وسیم اور ضلع جنرل سیکریٹری اکبر خان نے اضلاع نرمل، نظام آباد اور عادل آباد کے فیڈریشن سے وابستہ تمام اردو ورکنگ جرنلسٹس سے اپیل کی ہے کہ وہ اس اہم اجلاس میں پابندیٔ وقت کے ساتھ اپنی شرکت کو یقینی بنائیں۔

 

انہوں نے تلنگانہ بھر کے تمام اردو ورکنگ جرنلسٹس سے بھی اپیل کی کہ فیڈریشن کی گزشتہ دس سالہ شاندار، مثالی اور قابلِ قدر کارکردگی کو پیش نظر رکھتے ہوئے فیڈریشن کے پرچم تلے متحد ہوں، اپنے مسائل کے حل کے لیے اجتماعی جدوجہد کو مضبوط بنائیں اور ریاستی قیادت کے ہاتھ مضبوط کرتے ہوئے اردو صحافت کے استحکام و فروغ میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button