نیشنل

چیف منسٹر سے سوال پوچھنا مہنگا پڑ گیا؟ دو مسلم خاتون صحافیوں پر پولیس تشدد کا الزام

نئی دہلی: دو مسلم خاتون صحافیوں نے الزام عائد کیا کہ جنوبی دہلی میں نیوز کوریج کے دوران دہلی پولیس کے اہلکاروں نے انہیں حراست میں لے کر مبینہ طور پر مارپیٹ کی۔

 

4 پی ایم نیوز نیٹ ورک سے وابستہ صحافیوں شاہین خان اور نفیسہ کا الزام ہے کہ پولیس اہلکاروں نے مسلمان ہونے کی شناخت کے بعد دونوں کو حراست میں لیا اور ان کے ساتھ مارپیٹ کی۔ شاہین خان نے بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ دہلی حکومت اور چیف منسٹر ریکھا گپتا سے متعلق سوالات کر رہی تھیں۔

 

4 پی ایم نیوز نیٹ ورک نے ایکس پر لکھا کہ شاہین دہلی کی چیف منسٹر ریکھا گپتا سے سوالات کرنے کی کوشش کر رہی تھیں۔ اسی دوران مبینہ طور پر دہلی پولیس اہلکاروں نے انہیں پکڑ کر مارپیٹ کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن لے گئے۔

 

نیٹ ورک نے مزید الزام عائد کیا کہ جب پولیس اہلکاروں نے ان کا نام پوچھا اور ’خان‘ نام سنا تو مبینہ طور پر شاہین کے ساتھ مارپیٹ مزید بڑھا دی گئی۔

 

شاہین اور نفیسہ نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ وہ طبی معائنے اور میڈیکو لیگل کیس (ایم ایل سی) درج کرانے کے لئے لیے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) جا رہی ہیں۔

 

ان الزامات پر دہلی پولیس کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ ویڈیو میں بھی دہلی پولیس کا ایک اہلکار اپنی میز پر بیٹھا نظر آتا ہے، جبکہ شاہین پولیس اہلکاروں پر الزامات عائد کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

 

اسی دوران کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) نے مبینہ مارپیٹ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہلی میں ہر روز اس طرح کی ’’پریشان کن خبریں‘‘ سامنے آتی ہیں۔

 

سی جے پی نے ایکس پر کہا، ’’کیا طلبہ کے خلاف طاقت کا استعمال ہی دہلی پولیس کا واحد کام ہے جسے وہ سنجیدگی سے لیتی ہے؟ کیا خواتین کے خلاف جرائم دہلی پولیس کے لیے مذاق ہیں؟‘‘

 

سی جے پی کے ترجمان آشوتوش رنکا نے کہا، ’’شاہین دہلی میں میری ملاقات ہونے والی بہترین صحافیوں میں سے ایک ہیں۔ دہلی پولیس نے جو کچھ کیا وہ شرمناک ہے، اگرچہ اس پر بالکل حیرت نہیں ہوئی۔‘‘

 

انہوں نے شاہین کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ وہ مضبوط رہیں اور اپنا حوصلہ بلند رکھیں، کیونکہ ’’اس نوٹنکی کا وقت ختم ہونے والا ہے

 

عام آدمی پارٹی نے بھی اس واقعہ پر بی جے پی کی زیرقیادت دہلی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

 

عام آدمی پارٹی کے لیڈر سوربھ بھاردواج نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر ریکھا گپتا سے سوال پوچھنے پر دہلی پولیس نے دو خاتون رپورٹرز کو انتہائی بے رحمی سے مارا۔ خاتون چیف منسٹر ریکھا گپتا کو شرم آنی چاہیے۔‘‘

متعلقہ خبریں

Back to top button