مہاراشٹرا کے ایک خاندان میں 200 سال بعد بیٹی پیدا ہوئی، وہ بچی اتنی خوش قسمت ہے کہ…

نئی دہلی: جب کسی گھر میں بیٹی پیدا ہوتی ہے تو کچھ والدین خوشی سے کہتے ہیں کہ ’’ہمارے گھر رحمت آئی ہے۔‘‘ تاہم آج کے دور میں ایسے بھی بعض خاندان موجود ہیں جو بیٹی کی پیدائش پر افسوس کرتے ہیں لیکن ایک خاندان اس کے بالکل برعکس ہے۔
ان کے خاندان میں پانچ نسلوں کے بعد ایک بیٹی پیدا ہوئی ہے۔ خاندان کے افراد نے اس خوشی میں جشن منایا اور کہا کہ تقریباً 200 سال بعد ان کے گھر میں دیوی لکشمی نے قدم رکھا ہے۔مہاراشٹر کے بیڑ ضلع سے تعلق رکھنے والے دہیفالے خاندان نے بچی کی پیدائش پر خوب جشن منایا۔اپنی طویل انتظار کی خواہش پوری ہونے پر خاندان نے اسپتال سے ڈسچارج ہونے والی نومولود بچی اور اس کی والدہ کا شاندار استقبال کیا۔
انہیں سجے ہوئے گھوڑوں کے رتھ میں گھر لے جایا گیا۔ رتھ کو پھولوں سے سجایا گیا تھا جبکہ ڈھول اور تاشے بجاتے ہوئے ماں اور بچی کو جلوس کی شکل میں گھر پہنچایا گیا۔خاندان کے افراد نومولود بچی کو ایک ملکہ کی طرح گھر لے کر آئے۔ مقامی لوگوں نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے گھر میں پیدا ہونے والی یہ بچی واقعی بہت خوش قسمت ہے۔
بچی کا نام گارگی رکھا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تقریباً 200 سال سے دہیفالے خاندان میں کوئی بیٹی پیدا نہیں ہوئی تھی۔مہاراشٹر کے لاتور ضلع کے احمدپور تعلقہ کے کولواڑی گاؤں سے تعلق رکھنے والے گارگی کے دادا لمبازھی دہیفالے اپنی پوتی کی پیدائش پر جذباتی ہوگئے۔
انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خاندان میں بیٹی کا قدم رکھنا بہت بڑی خوش قسمتی ہے۔گارگی کے والد نے کہا کہ وہ اپنی بیٹی کو ایک پھول کی طرح سنبھال کر رکھیں گے۔آج کے دور میں جہاں کچھ خاندان بیٹی کی پیدائش پر غم کا اظہار کرتے ہیں وہیں
اس خاندان کا بیٹی کی پیدائش کو ایک جشن کے طور پر منانا یقیناً ایک خوش آئند اور قابلِ تعریف قدم ہے۔



