جرائم و حادثات

سود کی رقم ادا نہ کرنے پر خاتون کو اغوا کرکے برہنہ کیا اور ویڈیو بنالی – شوہر بیوی اور ایک خاتون فینانسر گرفتار

بنگلورو میں قرض کا سود ادا نہ کرنے پر ایک خاتون کو اغوا کرکے برہنہ کرنے اور شدید تشدد کا نشانہ بنانے کا دل دہلا دینے والا اور انسانیت سوز واقعہ پیش آیا ہے۔ ملزمین نے خاتون کو برہنہ کرکے اس کی ویڈیو بنائی اور رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کی دھمکی دی۔ متاثرہ کی والدہ کی شکایت پر چندرا لے آؤٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمین کو گرفتار کرکے خاتون کو بازیاب کرالیا۔

 

پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون نے تقریباً دو سال قبل ریشما بانو نامی فینانسر سے ایک لاکھ روپے اور بعد میں نزہت نامی ایک اور خاتون فینانسر سے مزید 50 ہزار روپے قرض لیا تھا۔ مالی مشکلات کے باعث وہ گزشتہ چھ ماہ سے سود ادا نہیں کرپائی تھی، جبکہ دو ماہ سے اصل رقم کی قسط بھی ادا نہیں کی تھی۔ اس کے بعد اس نے ریشما بانو کا فون نمبر بلاک کردیا اور اپنی والدہ کے گھر چلی گئی۔

 

خاتون کو تلاش کرنے کے لئے نزہت نے اسے کام دلانے کا جھانسہ دے کر اپنے پاس بلایا۔ جیسے ہی وہ وہاں پہنچی، ریشما بانو اور اس کے شوہر سہیل نے مبینہ طور پر اس پر چاقو سے حملہ کیا اور زبردستی ایک آٹو میں بٹھا کر کمبل گوڈو علاقہ کے قریب واقع ایک مکان میں لے گئے۔

 

وہاں خاتون کو مبینہ طور پر قید کرکے بے رحمی سے مارا پیٹا گیا۔ ملزمین نے اسے برہنہ کرکے ویڈیو بنائی اور دھمکی دی کہ اگر قرض کی رقم ادا نہ کی گئی تو ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کردی جائے گی۔

 

متاثرہ خاتون کی والدہ کی شکایت پر چندرا لے آؤٹ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ خاتون کو بازیاب کرلیا اور ریشما بانو، نزہت اور ریشما کے شوہر سہیل کو گرفتار کرلیا۔ پولیس واقعہ کے دیگر پہلوؤں کی بھی تحقیقات کررہی ہے۔

Oplus_131072

متعلقہ خبریں

Back to top button